اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے مخصوص نشستوں کے حوالے سے عدالت عظمیٰ کی وضاحت کا خیرمقدم کیا ہے۔ بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ عدالت عظمیٰ کا ہفتے کا فیصلہ حق اور سچ کی فتح ہے، عدالت عظمیٰ نے قرار دیا ہے کہ پی ٹی آئی کے سرٹیفکیٹ جمع کرانے والے ارکان کا نوٹیفکیشن جاری نہ کرنا فیصلے میں رکاوٹ ڈالنے کے مترادف ہے۔ بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ عدالت عظمیٰ اور
الیکشن کمیشن کے مجھے لکھے گئے خطوط کی روشنی میں مجھے چیئرمین قرار دیا‘ میرے چیئرمین نہ ہونے پر الیکشن کمیشن نے جان بوجھ کر بدنیتی سے جواز گھڑا۔انہوں نے کہا کہ عدالت عظمیٰ نے اب بالکل ہر چیز واضح کردی ہے، اب پی ٹی آئی کو مخصوص نشستیں بھی ملیں گی، اب سینیٹ کے خیبر پختونخوا کے الیکشن بھی ہوں گے، پی ٹی آئی اب پارلیمنٹ میں سب سے بڑی پارٹی بنے گی۔