اسلام آباد (آن لائن)مسلم لیگ(ن)کی قیادت سینیٹ میں پارٹی ارکان کی اکثریت کی کارکردگی سے ناخوش ہے اورسینیٹ میں لیگی ارکان کی کارکردگی سے متعلق رپورٹ وزیراعظم اورپارٹی صدر نواز شریف کو پیش کر دی گئی ہے جس میں بتایاگیا ہے کہ سینیٹ میں اکثریت کے باوجود حکومتی گرفت کمزور ہے‘اپوزیشن عددی طور پر کم ہونے کے باوجود حکومت پرحاوی ہے ۔ رپورٹ کے مطابق اسحاق ڈار قائد ایوان اور وزارت خارجہ کی دوہری ذمہ داری ہونے
کے باعث سینیٹ کو مکمل وقت نہیں دے پاتے ، مسلم لیگ(ن)کے ارکان ایوان بالا میں اپوزیشن کے مقابلہ میں ناکام نظر آتے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی ارکان کے جارحانہ رویہ کے مقابلہ کے لےے پارٹی میں کوئی مضبوط آواز نظر نہیں آتی ۔ لیگی سینیٹرز کی اکثریت حکومت اور پارٹی کے بیانیہ کو اجاگر کرنے میں دلچسپی نہیں لیتی ،رپورٹ میں بتایاگیا ہے کہ سینیٹر سعدیہ عباسی مسلسل پارٹی پالیسی کے برعکس موقف اور طرزعمل اختیار کیے ہوئے ہیں جبکہ سینیٹر پرویز رشید ، دوستین خان ڈومکی ، سینیٹر پروفیسر ساجد میر غیر فعال ہیں ۔ رپورٹ کے مطابق انوشہ رحمان ، راحت جمالی ، شاہزیب درانی ، خلیل طاہر بھی متحرک نہیں ، طلال چودھری بھی توقعات کے برعکس ایوان میں فعال نظر نہیں آتے۔ رپورٹ میں مصدق ملک اوراحد چیمہ کی سینیٹ میں فعالیت کے معاملہ پر بھی عدم اطمینان کا اظہار کیا گیا ہے اور ذرائع کے مطابق سینیٹ سے تعلق رکھنے والے وزراءسینیٹر اعظم نذیرتارڑ اور سینیٹر اورنگزیب کی کارکردگی بہترین قرار دی گئی ہے۔