جوس میں غیر معمولی مواد شامل کرنے والا دکاندار عوام کے ہتھے چڑھ گیا

415

بھارت کے اتر پردیش کے ضلع غازی آباد میں ایک سنگین واقعہ پیش آیا جہاں ایک دوکاندار عامر خان کو شہریوں کے غصے کا سامنا کرنا پڑا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق عامر خان کے اسٹور میں فروخت کیے جانے والے جوس کے ڈبے میں مبینہ طور پر پیشاب شامل کیے جانے کا الزام سامنے آیا، جس کے بعد مشتعل لوگوں نے اس پر دھاوا بول دیا اور اسے تشدد کا نشانہ بنایا۔

پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے عامر خان اور اس کے ایک مددگار کو حراست میں لے لیا۔ پولیس افسر بھاسکر ورما نے میڈیا کو بتایا کہ وہ اس واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں تاکہ یہ معلوم ہو سکے کہ دوکاندار نے ایسا گھناؤنا عمل کیوں کیا اور کس نے جوس میں پیشاب ملایا۔

پولیس کو 13 ستمبر کو اطلاع ملی تھی کہ ایک جوس کے ڈبے میں تقریباً 1 لیٹر پیشاب موجود ہے، جس کے بعد فوری کارروائی کرتے ہوئے عامر خان کو گرفتار کیا گیا۔ اس معاملے پر مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔

یہ واقعہ مقامی لوگوں میں غم و غصے کا باعث بنا ہے اور سوشل میڈیا پر بھی کافی بحث کا موضوع بن گیا ہے، جہاں شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے واقعات کو روکنے کے لیے سخت کارروائی کی جائے۔