شہری اسلام اور پاکستان دشمنوں کے مقاصد ناکام بنائیں، عبدالجبار خان

106

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی عبدالجبار خان نے کہا ہے کہ جشن میلاد النبی ﷺ کو شایان شان طریقے سے منانے کے لیے شہریوں میں جوش و خروش ہے، یہ دن ہمارے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے اس کو جس حد تک بھرپور طریقے سے منایا جائے، کم ہے۔ وہ جشن میلاد النبی ﷺ کے حوالے سے سائٹ ایریا میں منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر فیصل عبدالجبار خان اور دیگرنے بھی خطاب کیا۔ عبدالجبار خان نے کہا کہ 12 ربیع الاول کے حوالے سے بلدیہ نے بھی صفائی اور لائٹ کے بھرپور انتظامات کیے ہیں، اس کے علاوہ پیپلزپارٹی کی قیادت بھی اس دن کو مکمل عقیدت واحترام کے ساتھ منائے گی، کیونکہ نبی کریم ﷺ کے وجود سے ہی کائنات کا وجود ہے اور یہ دن ہر مسلمان کے لیے عید سے بھی بڑھ کر ہے۔ انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ باہمی اختلافات اور آپس کی رنجشوں کو بالائے طاق رکھ کر اسلام اور پاکستان دشمنوں کے مذموم مقاصد کو ناکام بنائیں، آپس میں اتحاد، بھائی چارے اور رواداری کی فضاء کو فروغ دیں۔