دادو (نمائندہ جسارت) میونسپل چیئرمین سمیت دیگر میونسپل انتظامیہ کی غفلت، لاپروائی اور بے حسی کے باعث بروقت ڈسپوزل نہ چلانے اور نالوں میں بھاری پانی کے باعث گزشتہ کافی عرصے سے گندا پانی جنگ کے نامہ نگار غلام رسول تھہیم کے گھر میں داخل ہونے پر گھر میں گندگی غلاظت ہونے کے علاوہ 2 کمروں میں دراڑیں پڑ گئیں، جبکہ فرش بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو گیا، میونسپل انتظامیہ کی غفلت، لاپروائی اور ڈسپوزل بروقت نہ چلانے پر صحافی غلام رسول تھہیم کا بھاری نقصان ہونے پر صحافیوں نے احتجاجاً پریس کلب کے سامنے بھوک ہڑتال شروع کردی۔ انہوں نے اس موقع پر میڈیا کو بتایا کہ میونسپل کمیٹی جوہی میں کرپشن لوٹ مار کی خبریں چلانے پر میونسپل چیئرمین نے ذاتی دشمنی کی بنیاد پر گھر میں گندا پانی داخل کروا کر گھر کو نقصان پہنچایا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 14 ماہ سے واٹر سپلائی کی لائن کاٹ کر پینے کے پانی سے بھی محروم کر دیا گیا ہے۔ اس موقع پر قربان کھوکھر، غلام قادر لغاری، سید نور محمد شاہ، مولانا غلام مصطفی لاشاری، گلشیر رند، ابو زر رند کے علاوہ مقامی صحافیوں نے بھوک ہڑتالی کیمپ پہنچ کر ان کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے صحافی غلام رسول تھہیم کے ساتھ ہونے والی زیادتی اور ناانصافی کا ازالہ اور انصاف کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔