بھارت ،بنگلادیش اور میانمر میںسیلاب سے تباہی ،29 افراد ہلاک

125
میانمرمیں فوجی اہل کار سیلاب میں پھنسے خاندان کو محفوظ مقام پر منتقل کررہے ہیں

نئی دہلی (انٹرنیشنل ڈیسک) بھارتی ریاست اترپردیش میں شدید بارش سے سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی جس کے نتیجے میں 12 افراد ہلاک ہوگئے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق مختلف اضلاع میں تیز بارش نے جل تھل ایک کردیا۔ محکمہ موسمیات نے اودھ اور روہیل کھنڈ کے بیشتر اضلاع میں شدید بارش، سیلاب اور دیگر واقعات کی وارننگ جاری کی ہے۔ بیان میں بتایا گیا ہے کہ 24گھنٹوں کے دوران اتر پردیش کے ہاتھرس ضلع میں سب سے زیادہ 185.1 ملی میٹر بارش ہوئی،جب کہ 75 اضلاع میں 28.6 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔ مختلف حادثات میں درجنوں افراد زخمی ہوئے ۔ دوسری جانب بنگلادیش میں لینڈ سلائیڈنگ سے 6 افراد ہلاک ہوگئے۔ جنوب مشرقی بنگلادیش میں مون سون سیزن کے دوران مٹی کے تودے گرنے کے واقعات رونما ہوئے ۔ بارش کے نتیجے میں کاکسس بازار کے سرحدی ضلع میں 2 الگ الگ مقامات پر مٹی کے تودے گرے جس کے نتیجے میں 3 روہنگیا مہاجرین سمیت 6 افراد ہلاک اور کئی زخمی ہو گئے۔ مقامی محکمہ موسمیات نے بتایا کہ کاکسس بازار میں 24گھنٹوں کے دوران 378 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جو مون سون سیزن کی اب تک کی سب سے زیادہ بارش ہے۔ کاکسس بازار میں دنیا کی سب سے بڑی پناہ گزینوں کی بستی آباد ہے جہاں 10 لاکھ سے زیادہ روہنگیا مہاجرین کیمپوں میں رہتے ہیں۔ادھر ایشیامیں رواں سال کے سب سے طاقت ور طوفان یاگی کی تباہ کاریاں جاری ہیں۔ خبررساں اداروں کے مطابق طوفان چین، فلپائن اور ویتنام کے بعد اب تھائی لینڈ، لاؤس اور میانمر کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ میانمر میں طوفان کے دوران بارش کے نتیجے میں سیلاب آنے سے 11 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ طوفان سے کئی بستیاں زیر آب آگئیں اور متاثرہ علاقوں سے لاکھوں افراد انخلا پر مجبور ہوگئے۔ سیلاب نے نقل و حمل کو بھی بری طرح متاثر کیا اور بستیوں تک گاڑیوں کے ذریعے رسائی ممکن نہیں رہی۔