تہران (انٹرنیشنل ڈیسک) یورپی یونین نے ایرانی ہوابازی کے شعبے پر پابندیوں کا عندیہ دے دیا۔ خبررساں اداروں کے مطابق تہران کی جانب سے یوکرین کے خلاف جنگ میں استعمال کے لیے ماسکو کو بیلسٹک میزائلوں کی فراہمی پر یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ جوزف بوریل نے کہا کہ یورپی اتحاد ایرانی ایوی ایشن سیکٹر پر پابندیاں عائد کرنے پر غور کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یورپی یونین نے بارہا اور سختی سے ایران کو روس کو بیلسٹک میزائلوں کی منتقلی کے خلاف خبردار کیا ہے۔ یورپی یونین بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ مل کر سخت جواب دے گی اور تہران کو سنگین نتائج بھگتنا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ یورپی یونین کے ممالک کو ماسکو کو ایرانی میزائل فراہم کرنے کے بارے میں قابل اعتماد معلومات موصول ہوئی ہیں۔ ہم نے ایران کو مطلع کیا ہے کہ اگر ہمیں ترسیل کے شواہد ملے تو اس کے سنگین نتائج ہوں گے۔ یاد رہے کہ پیر کے روز یورپی یونین نے انکشاف کیا تھا کہ اس کے اتحادیوں کے پاس انٹیلی جنس معلومات ہیں جو اس بات کی نشاندہی کرتی ہیں کہ تہران نے ماسکو کو بیلسٹک میزائل فراہم کیے ہیں۔ اس کے جواب میں ایرانی پاسداران انقلاب کے سینئر رہ نما فضل اللہ نوزاری نے رپورٹوں کو نفسیاتی جنگ قرار دیاتھا۔