رونالڈو نے سوشل میڈیا فالوئرز کا ریکارڈ قائم کردیا

177

پرتگال کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کے سوشل میڈیا فالوئرز کی تعداد ایک ارب سے زیادہ ہوگئی۔ یہ سوشل میڈیا کی تاریخ میں فالوئرز کی ریکارڈ تعداد ہے۔ رونالڈو کا شمار دنیا کے مقبول ترین کھلاڑیوں میں ہوتا ہے۔

رونالڈو نے حال ہی میں سب سے زیادہ گول کرنے کا ریکارڈ بھی قائم کیا ہے۔ قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ کرسٹیانو رونالڈو کو اپنے کھیل کے ساتھ ساتھ اپنی شخصیت کا بھی بھرپور ایڈوانٹیج حاصل ہے۔ وہ کھیل میں اپنی مہارت کے بل پر تو راج کر ہی رہے ہیں، اپنے حُسنِ اخلاق سے لوگوں کے دلوں پر بھی حکومت کے حقدار ٹھہرے ہیں۔

رونالڈو نے کئی بار اپنے پرستاروں، بالخصوص بچوں کو بہت پیار سے اپنے پاس بلایا ہے، اُن سے اچھا سلوک روا رکھا ہے، اُن کی دل جوئی کی ہے اور اُنہیں بہتر زندگی بسر کرنے سے متعلق نصیحت بھی کی ہے۔

رونالڈو لوگوں سے بہت اچھی طرح ملتے ہیں۔ وہ فلاحی کاموں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں اور دوسروں کو بھی ایسا کرنے کی تحریک دیتے ہیں۔ رونالڈو کے ایک ارب فالوئرز متعدد سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ہیں۔

یو ٹیوب پر اُن کے فالوئرز کی تعداد میں ایک ہفتے کے دوران پانچ کروڑ کا اضافہ ہوا ہے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں رونالڈو نے بھرپور اظہارِ محبت پر اپنے پرستاروں کا شکریہ ادا کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق انسٹا گرام پر کرسٹیانو رونالڈو کے 63 کروڑ 90 لاکھ، فیس بک پر 17 کروڑ، ایکس پر 11 کروڑ 30 لاکھ اور یو ٹیوب پر 6 کروڑ فالوئرز ہیں۔