اٹلی میں 2 ہزار سال پرانے سکوں کا ذخیرہ دریافت

301

روم: اٹلی میں 2 ہزار سال پرانے سکوں کا ایک ذخیرہ دریافت ہوا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق سسلی جزیرے پر آثار قدیمہ کے ماہرین نے رومی دور کے سکوں کا ایک ذخیرہ دریافت کیا ہے جو 2 ہزار برس پرانا ہے اور یہ سکے چاندی سے تیار کیے گئے ہیں۔

ذخیرے کی صورت میں دریافت ہونے والے یہ قدیم سکے سان مارکو کے ایکروپولس میں کچھ برس قبل دریافت ہونے والے رومن مجسموں کے قریب سے ملے۔ انہیں دیوار میں ایک سوراخ بنا کر رکھا گیا تھا اور اندازہ ہے کہ یہ کم و بیش 2 ہزار سال پہلے قزاقوں کے حملوں سے بچنے کے لیے چھپائے گئے ہوں گے۔

مقامی انتظامیہ نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں بتایا کہ یہ سکے کم و بیش 94 اور 74 قبل مسیح کے درمیان  کے دور میں بنائے گئے تھے اور ان میں سے کچھ پر انسانی سر جیسا ایک نشان ہے، جس کے بارے میں تاحال کوئی معلومات یا شناخت نہیں مل سکی۔