مائیکروسافٹ کے شریک بانی بل گیٹس کافی عرصے سے دنیا کو موسمیاتی تبدیلیوں، سائبر حملوں اور دیگر اہم مسائل پر خبردار کرتے آ رہے ہیں مگر ایک مسئلہ ایسا ہے جو اُن کو چین کی نیند سونے بھی نہیں دیتا۔
ذرائع کے مطابق ایک انٹرویو میں بل گیٹس نے بتایا کہ آج کے دور میں بڑھتی ہوئی بدامنی ایک بڑی جنگ کا باعث بن سکتی ہے اور اگر جنگ نہ بھی ہوئی تو آئندہ 25 برسوں میں دنیا کو ایک نئی وبا کا سامنا ہوسکتا ہے۔ یہی خیال ان کی سب سے بڑی تشویش کا سبب ہے۔
تحقیقی رپورٹس کے مطابق موسمیاتی تبدیلیوں اور آبادی میں اضافے جیسے عوامل کی وجہ سے وباؤں کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ بل گیٹس کے مطابق سوال یہ نہیں کہ وبا کب آئے گی بلکہ یہ ہے کہ دنیا کووڈ-19 کے بعد کس حد تک تیاری کر چکی ہے۔
2022 میں بل گیٹس نے اپنی کتاب میں لکھا تھا کہ کووڈ کی وبا کے دوران امریکا سمیت کئی ممالک وبا سے نمٹنے کے لیے تیار نہیں تھے۔
انہوں نے آئندہ وباؤں سے نمٹنے کے لیے تجاویز بھی دیں مگر ان کے مطابق عالمی سطح پر ابھی تک ردعمل ناکافی ہے۔
بل گیٹس نے اپنے حالیہ انٹرویو میں کہا کہ اگرچہ کووڈ-19 سے ہم نے بہت کچھ سیکھا ہے لیکن اب بھی دنیا کی تیاری ان کی توقعات سے کم ہے۔ ہوسکتا ہے کہ آئندہ پانچ برسوں میں حالات بہتر ہوں مگر اس وقت کی صورتحال بہت حیران کن ہے۔
ایک دستاویزی سیریز میں بل گیٹس اور امریکی طبی ماہر ڈاکٹر انتھونی فاؤچی نے بھی وباؤں کے خطرات پر بات کی۔
ڈاکٹر فاؤچی نے اس بات کا اعتراف کیا کہ امیر ممالک کی اخلاقی ذمہ داری ہے کہ وہ دنیا بھر میں امراض کی روک تھام کے لیے اپنے وسائل شیئر کریں۔