راولپنڈی: الخدمت فاؤنڈیشن ویمن ونگ کے تحت ملک کےمختلف اضلاع میں بیوہ خواتین اور یتیم بچوں کے لیے 157 اسٹڈی سینٹرز قائم کیے گئے ہیں جہاں ان خواتین کو ماہانہ بنیادوں پر وظائف کے ساتھ ان کی جسمانی ،نفسیاتی اورمعاشی ضروریات کے مطابق مختلف اسٹڈی پروگرام کیے جاتے ہیں۔
ویمن ونگ کی صدر کلثوم رانجھا نےاظہارخیال کرتےہوئے بتایا کہ خواتین کے نفسیاتی مسائل کے حل کے لیے مختلف سائیکالوجسٹ کے ذریعے کونسلنگ کی جاتی ہے۔طبی لحاظ سے ان کی ہیلتھ اسکریننگ کی جاتی ہے اور علاج کی سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قرآن و سنت سے متعلق مختلف موضوعات پر پروگرامز کے ذریعے ان کی تربیت بھی جاری ہے۔ الخدمت کے تحت رجسٹرڈ ان ماؤں کی صلاحیت کے مطابق ان کے روزگار کے انتظام کے لیے مختلف ٹریننگ کورسز بھی کروائے جاتے ہیں تاکہ وہ اپنے گھر کی کفیل بھی بن سکیں۔
کلثوم رانجھا کا کہنا تھا کہ الخدمت فاؤنڈیشن بیوہ خواتین کے بچوں کی کفالت بھی کر رہی ہے۔ ان بچوں کو مفت تعلیم کے ساتھ ساتھ اخلاقی تربیت بھی دی جاتی ہے۔ اس کے علاوہ ان بچوں کو صحت کی مکمل سہولیات بھی فراہم کی ہے ۔
صدر الخدمت فاؤنڈیشن ویمن ونگ نےکہاکہ معاشرے میں یتیم اور بیوہ ایسا مظلوم اور مستحق طبقہ ہے جن کی طرف معاشرے کے مخیر حضرات کو توجہ کی ضرورت ہے۔یتیم کی کفالت پر نبی مہربان صلی اللہ علیہ وسلم نےجنت میں اپنا ساتھی بننےکی بشارت دی ہے۔