اسلام آباد (اے پی پی)صدر مملکت آصف زرداری نے کہا ہے کہ سمندری آلودگی اور موسمیاتی تبدیلی جیسے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے سمندری ماحولیاتی نظام اور ساحلی علاقوں کے تحفظ کے لیے پاکستان پر عزم ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے انٹرنیشنل میری ٹائم آرگنائزیشن (آئی ایم او) کے سیکرٹری جنرل ارسینیو انتونیو ڈومنگیز ویلاسکو سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ملاقات میں وزیر برائے بحری امور قیصر احمد شیخ، سینیٹر شیری رحمن اور اعلیٰ سرکاری حکام بھی موجود تھے۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے لیے موثر اقدامات کررہا ہے اور اس سلسلے میں وہ آئی ایم او کی مدد اور مہارت کا خیرمقدم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کو کم کرنے کے لیے پاکستان نے سندھ میں ایک ملین ایکڑ پر مینگرووز لگائے ہیں، جبکہ مزید 20لاکھ ایکڑ اراضی پر مینگرووز لگانے کے منصوبے جاری ہیں۔ اس موقع پرآئی ایم او کے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ پاکستان کے بحری شعبے میں بڑی صلاحیت موجود ہے۔ آئی ایم او پائیدار اور مو ثر بحری انڈسٹری کے فروغ میں پاکستان کی حمایت جاری رکھے گا۔