میجر راجہ عزیز بھٹی کا 59 واں یوم شہادت عقیدت واحترام سے منایا گیا

198
59th martyrdom anniversary

اسلام آباد:ستمبر 1965 کی جنگ کے ہیرو اور نشان حیدر اعزاز حاصل کرنے والے میجر راجہ عزیز بھٹی شہید کا 59واں یوم شہادت انتہائی عقیدت واحترام سے منایا گیا۔

صدرمملکت آصف علی زرداری ،وزیر اعظم شہبازشریف اور پاک فوج کی جانب سے قومی ہیرو کو زبرست خراج عقیدت پیش کیاگیا۔گجرات میں میجر راجہ عزیز بھٹی شہید نشان حیدر کے مزار پر تقریب کا انعقاد کیا گیا۔میجر جنرل محمد شمریز نے مزار پر پھول رکھے، فاتحہ خوانی کی اور سلامی دی گئی۔

میجر راجہ عزیز بھٹی شہید نے12ستمبر65 کو پاک بھارت جنگ کے دوران لاہور کے محاذ پر جام شہادت نوش کیا انہیں پاکستان کی مسلح افواج کے سب سے بڑے اعزاز نشان حیدر سے نوازا گیا۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے میجر عزیز بھٹی شہید نشانِ حیدر کے یوم شہادت پر خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم میجر عزیز بھٹی کی بے مثال قربانی اور بہادری کو سلام پیش کرتے ہیں، میجر عزیز بھٹی نے 1965 کی پاک بھارت جنگ میں دشمن کے سامنے نہایت جواں مردی سے ڈٹ کر قوم کے دفاع کا فریضہ سرانجام دیا۔

صدر مملکت کاکہنا تھا کہ مادر وطن کی حفاظت کیلئے جان قربان کرنے پر پوری قوم اپنے ہیرو کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے، میجر عزیز بھٹی کی لازوال قربانی ہمارے لیے ایک روشن مثال ہے۔

وزیراعظم شہبازشریف نے بھی اپنے پیغام میں کہا کہ میجر راجہ عزیز بھٹی شہید نشانِ حیدر نے ستمبر 1965 کی جنگ میں اپنی جرات و شجاعت سے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا، لاہور پر شب خون مار کر قبضہ کرنے کا خواب دیکھنے والے دشمن کو میجر راجہ عزیز بھٹی شہید کے وطن کے دفاع کیلئے غیر متزلزل عزم نے واپس بھاگنے پر مجبور کر دیا۔

دوسری جانب میجر عزیز بھٹی شہید کے 59 ویں یوم شہادت پر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، سروسز چیفس اور پاک فوج نے شہید کو بھرپور خراج عقیدت پیش کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق میجر عزیز بھٹی کی فرض شناسی، غیر متزلزل عزم اور عظیم قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پاکستان کی مسلح افواج میجر عزیز بھٹی کی یاد کو سلام پیش کرتی ہیں اور ان کی وراثت کو خراج تحسین پیش کرتی ہیں۔