اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی قیادت نہیں چاہتی عمران باہر آئیں، وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور بانی پی ٹی آئی کی جگہ لینا چاہتے ہیں۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ گنڈاپور چاردیواری میں الگ زبان استعمال کرتے ہیں اور اسٹیج پر آکر مولاجٹ بن جاتے ہیں۔ یہ باتیں انہوں نے اپنے ایک انٹرویو میں کہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی قیادت خاص طور خیبرپختونخوا کے رہنما نہیں چاہتے ہیں بانی پی ٹی آئی باہر آئیں، علی امین گنڈاپور خود عمران خان کی جگہ لینا چاہتے ہیں۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی سمجھتے ہیں گنڈاپور کے اسٹیبلشمنٹ سے رابطے ان کے کام آئیں گے، یہ سب ایک دوسرے کو استعمال کررہے ہیں، اسٹیبلشمنٹ سے ملاقات میں گنڈاپور کے بیان پر کھڑے رہنے کا گواہ کوئی نہیں یہ صرف ان کا اپنا بیان ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ علی امین گنڈاپور چاردیواری میں الگ زبان استعمال کرتے ہیں اور اسٹیج پر آکر مولاجٹ بن جاتے ہیں، شہباز شریف سے ملاقات میں وہ شوگر مل بنے ہوئے تھے، بانی پی ٹی آئی کبھی حکمت عملی کے تحت گھی شکر ہوجاتے ہیں تو کبھی منہ سے آگ برساتے ہیں۔