غزہ میں اسکول پر اسرائیلی فوج کے حملے میں مزید 34 فلسطینی شہید

181

   غزہ میں اقوامِ متحدہ کے تحت کام کرنے والے اسکول پر صہیونی فوج کے فضائی حملے میں مزید 34 فلسطینی شہید ہوگئے۔ اس اسکول میں بیسیوں بے گھر افراد نے اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ پناہ لے رکھی تھی۔

غربِ اردن میں متعدد اسکولوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ بیشتر اسکول تباہ ہوچکے ہیں۔ ان اسکولوں میں پناہ لینے والے فلسطینی گھرانوں کی شہادتیں واقع ہوئی ہیں اور اقوام متحدہ کے اسٹاف کے ارکان بھی موت کے منہ میں جانے سے بچ نہیں سکے ہیں۔

تازہ ترین حملے میں شہید ہونے والے 34 افراد میں 19 خواتین اور بچے شامل ہیں جبکہ اقوام متحدہ کے عملے کے 6 ارکان بھی لقمہ اجل بنے۔ اس حملے میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے جن میں سے چند کی حالت نازک ہے۔

واضح رہے کہ غزہ میں جنگ بندی سے متعلق تمام کوششیں کسی نہ کسی وجہ سے ناکام رہی ہیں۔ فریقین ایک دوسرے پر سخت تر شرائط عائد کرنے کا الزام عائد کرتے رہے ہیں۔ امریکی صدر جو بائیڈن نے کئی بار انتباہ کیا ہے کہ غزہ کی لڑائی کو مزید جاری رہنے نہیں دیا جاسکتا مگر پھر بھی اسرائیلی وزیرِاعظم بنیامین نیتن یاہو ٹس سے مس نہیں ہو رہے۔