پشاور(آن لائن)پشاور ہائی کورٹ میں آزاد پاور پروڈیوسرز (آئی پی پیز) کے خلاف درخواست دائر کردی گئی ہے۔درخواست سرحد چیمبر آف کامرس اور انڈسٹریل اسٹیٹ ایوسی ایشن کی جانب سے دائر کی گئی ہے، جس میں وفاقی حکومت، نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا)، پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو) اور آئی پی پیز کمپنیوں کو فریق بنایا گیا ہے۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ آئی پی پیز سے معاہدے 1994 میں شروع ہوئے، معاہدے میں بجلی کی قیمت زیادہ طے کر کے قومی خزانے پر اضافی بوجھ ڈالا گیا۔ درخواست گزار نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مہنگی بجلی کی وجہ سے عوام بل ادا کرنے سے قاصر ہیں، جن آئی پی پیز کو اضافی ادائیگیاں کی گئی ہیں، ان سے واپس لی جائیں۔درخواست میں آئی پی پیزکا فارنزک آڈٹ کرانے کامطالبہ بھی کیا گیا ہے۔