واٹس ایپ کا جلد نیا فیچر متعارف کرانے کا فیصلہ

273

واٹس ایپ نے صارفین کی سہولت کے لیے ایک نیا فیچر متعارف کروانے کا فیصلہ کیا ہے، جس کا مقصد ایپ کے استعمال کو مزید آسان اور تیز تر بنانا ہے۔

WABetaInfo کی رپورٹ کے مطابق، واٹس ایپ جلد ہی ایک نیا شارٹ کٹ فراہم کرے گا جو صارفین کو اپنے رابطوں اور گروپس کو جلدی اور آسانی سے فہرستوں میں شامل کرنے کی سہولت دے گا۔ یہ فیچر اینڈرائیڈ 2.24.19.25 اپ ڈیٹ کے بیٹا ورژن میں شامل کیا جائے گا۔

میٹا کی زیر نگرانی چلنے والی یہ فوری پیغام رسانی ایپ اپنے اس نئے شارٹ کٹ کو آئندہ اپ ڈیٹ میں جاری کرے گی۔ صارفین اس اپ ڈیٹ کے بعد چیٹ انفارمیشن اسکرین کے اوپری حصے میں ایک بٹن کی شکل میں اس شارٹ کٹ کو دیکھ سکیں گے، جس سے گروپس اور رابطوں کا انتظام مزید آسان ہو جائے گا۔

یہ نیا شارٹ کٹ صارفین کو کسی بھی شخص یا گروپ کو براہ راست مخصوص فہرست میں شامل کرنے کا موقع فراہم کرے گا، جس کے لیے انہیں ایپ کی سیٹنگز میں جانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ مزید برآں، فہرست بنانے کے بعد، صارفین اس چیٹ کو واٹس ایپ کے خودکار فلٹر کے ذریعے فوری طور پر تلاش کر سکیں گے۔

اس فیچر سے نہ صرف رابطوں اور گروپس کو منظم کرنا آسان ہو جائے گا بلکہ وقت کی بچت بھی ہوگی۔ یہ شارٹ کٹ مستقبل قریب میں متعارف کروا دیا جائے گا۔