اسپیکر قومی اسمبلی نے پارلیمنٹ سے گرفتاریوں پر 5 سیکیورٹی اہلکار معطل کردیے

168

اسلام آباد: قومی اسمبلی میں حالیہ گرفتاریوں کے بعد پارلیمنٹ میں سیکیورٹی کی ناکامی پر 5 سیکیورٹی اہلکاروں کو معطل کر دیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے پارلیمنٹ کے اندر گرفتاریوں کے معاملے پر سخت کارروائی کرتے ہوئے سارجنٹ ایٹ آرمز اشفاق اشرف کو 4 ماہ کے لیے معطل کر دیا ہے۔

اس کے علاوہ سیکیورٹی میں ناکامی پر دیگر 4 اہلکاروں، جن میں سیکیورٹی اسسٹنٹ وقاص احمد اور جونیئر سیکیورٹی اسسٹنٹس عبیداللہ، وحید صفدر، اور محمد ہارون شامل ہیں، کو بھی معطل کر دیا گیا ہے۔

یہ اقدام گزشتہ روز قومی اسمبلی کے اجلاس میں پولیس کی جانب سے پارلیمنٹ ہاؤس میں داخل ہونے اور ارکان کی گرفتاریوں پر شدید ردعمل کے بعد اٹھایا گیا۔

اسپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت اجلاس میں پی پی پی، جے یو آئی، پی ٹی آئی، اور ایم کیو ایم سمیت دیگر جماعتوں نے واقعے کی مذمت کی تھی۔

اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے اس موقع پر کہا کہ پارلیمنٹ سے لوگوں کو اٹھانے پر ایجنسیوں کے ڈی جیز کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ جمہوریت میں اس طرح کی کارروائیاں ناقابل قبول ہیں اور ان کے خلاف سخت اقدامات کیے جانے چاہئیں۔