غزہ میں قابض اسرائیلی فوج کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، 2 فوجی مارے گئے، کئی زخمی

149

مقبوضہ بیت المقدس:غزہ میں قابض اسرائیلی فوج کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا، جس میں 2 صہیونی فوجی مارے گئے جب کہ کئی زخمی ہو گئے۔

مقامی اور عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوجی ترجمان کی جانب سے واقعے کی تصدیق بھی کردی گئی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ 123ویں اسکوارڈن کا یو ایچ 60 بلیک ہاک ہیلی کاپٹر فوجی کارروائی کے دوران زخمی ہونے والے اہل کار کو رفح سے نکالنے کے لیے یونٹ 669 کی طبی ٹیم کو لے کر جا رہا تھا۔

اسرائیلی فوجی ترجمان کے مطابق ہیلی کاپٹر لینڈنگ کے عین قریب تھا، تاہم زمین پر اترنے کے بجائے اچانک گر کر تباہ ہوگیا۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس واقعے میں کسی حملے کے شواہد نہیں ہیں۔ ہیلی کاپٹر مکمل تباہ ہوگیا جب کہ 2 فوجی مارے گئے ہیں اور کئی دیگر زخمی ہیں، جن میں سے 4 کی حالت نازک ہے۔

ابتدائی طور پر اسرائیلی فوج نے مارے جانے والوں اور زخمیوں کی شناخت نہیں بتائی، تاہم ان کے اہل خانہ کو مطلع کیے جانے کے حوالے سے بیان جاری کیا گیا ہے۔