بیجنگ:چین نے چاند کے قطب جنوبی میں ایک تحقیقی مرکز (ریسرچ اسٹیشن) تعمیر کرنے کا اعلان کردیا۔
بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق چین کی جانب سے چاند پر مستقل انسانی بیس کے قیام سے متعلق اپنے منصوبے کی تفصیلات جاری کردی ہیں، جس کے مطابق چاند کے قطب جنوبی میں ایک تحقیقی مرکز (ریسرچ اسٹیشن) تعمیر کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ چین اپنے آئی ایل آر ایس نامی یہ ریسرچ اسٹیشن کو 2035ء تک مکمل کرنا چاہتا ہے، جو ایک مستقل انسانی بیس کی حیثیت سے بنایا جا رہا ہے۔ چین اس منصوبے کو بین الاقوامی تعاون سے تعمیر کرنے کا خواہش مند ہے۔
منصوبے کے مطابق اس ریسرچ سینٹر (اسٹیشن) کی تعمیر مجموعی طور پر 2 مختلف مراحل میں ہوگی اور یہ چاند پر روانہ کیے جانے والے مشنز کے دوران ہی مکمل کرلی جائے گی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ آئی ایل آر ایس ایک منظم اسٹیشن نیٹ ورک ہوگا جس کے لیے مدار میں موجود اسٹیشن کو سینٹرل ہب کے طور پر استعمال کیا جائے گا جبکہ قطب جنوبی کے اسٹیشن کو مرکزی بیس کی حیثیت حاصل ہوگی۔
یاد رہے کہ چین جاری دہائی کے اواخر تک انسانوں کو چاند پر بھیجنے کی بھی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔