وزیراعلیٰ عوامی مسائل حل کرنے کی بجائے جلسوں میں گالیاں دے تو وہ سیاست چمکارہا ہے، بلاول بھٹو

184

اسلام آباد: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ عوامی مسائل حل کرنے کی بجائے جلسوں میں گالیاں دے تو وہ سیاست چمکارہا ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کو اسمبلی چھوڑنے سے بار بار منع کیا گیا لیکن آج پی ٹی آئی خود اور ملک دونوں مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔

انہوں نے پی ٹی آئی کو مشورہ دیا کہ وہ عمران خان کا کیس عدالتوں میں لڑیں مگر پہلے ایوان میں آکر عوام کی خدمت کریں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ موجودہ سیاسی ماحول نے سیاست کو ایک گالی بنا دیا ہے اور ہمیں نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کے لیے ذمہ داری ادا کرنی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ اگر وزیر اعلیٰ عوامی مسائل حل کرنے کے بجائے جلسوں میں گالیاں دیں گے تو وہ اپنے صوبے کے عوام کو روزگار نہیں دے سکتے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے مہنگائی کو ایک سال میں بارہ فیصد تک لانے کا ٹارگٹ رکھا تھا لیکن مہنگائی نوفیصد تک پہنچ چکی ہے۔ تمام سیاسی جماعتوں کے ارکان پر مشتمل ایک پارلیمانی کمیٹی بنائی جائے تاکہ ملک کے مسائل پر مشترکہ طور پر کام کیا جا سکے۔