حیدرآباد: پولیس کا انڈین گٹکا گودام پر چھاپا، 13ملزمان گرفتار

73

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)پولیس کا انڈین گٹکا گودام پر چھاپا، 13ملزمان گرفتار، مالک فرار، بی سیکشن پولیس نے اسٹریٹ کرمنل کو دھرلیا ۔ تفصیلات کے مطابق نسیم نگر پولیس نے انڈین گٹکا ڈیلر زوہیب پٹھان کے گودام پر چھاپا مار کارروائی کرتے ہوئے انڈین گٹکے کی بڑی کھیپ برآمد کرلی، پولیس کارروائی کے نتیجے میں 13 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا،ملزمان میں منظور تنیو، وسیم جونیجو، علی شیر کورائی، رضوان احمد جونیجو، منظور ناریجو، مور سولنگی، منیر کلہوڑو، ذیشان کلہوڑو، شہزاد میمن، گل حسن خاصخیلی، حسنین علی کورائی، محمد خالد سومرو اور احسن خان یوسفزئی شامل ہیں جبکہ ملزم زوہیب پٹھان پولیس کو دیکھ کر فرارہوگیا ،ملزمان کار کے ذریعے بھاری مقدار میں انڈین گٹکے کسی دوسری جگہ منتقل کرنے کی کوشش کر رہے تھے جوکہ پولیس نے ناکام بنادی،پولیس کی کارروائی کے نتیجے میں 14 عدد کٹوں میں تقریباً 47,300 عدد مختلف انڈین گٹکے کے ساشے اور ایک کارپولیس تحویل میں لے لی گئی نسیم نگر پولیس نے گرفتار و مفرور ملزمان کے خلاف گٹکا و مین پوری ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا ۔دریں اثناءبی سیکشن پولیس نے دوران چیکنگ کارروائی کرتے ہوئے یونٹ نمبر 9 لطیف آباد کے قریب سے ملزم عبدالرحمان قریشی کو اسلحہ سمیت گرفتار کرلیا گرفتارملزم نے ابتدائی تفتیش کے نتیجے میں لطیف آباد کے متعدد علاقوں میں اسٹریٹ کرائمز کی وارداتوں میں سرگرم ہونے کے انکشافات کیے ،ملزم کے قبضے سے 1 عدد پستول برآمدہوئی ۔