پیپلزپارٹی نے 16سال میں شہر کو کھنڈر بنادیا،حبیب اللہ مری

48

ٹنڈوآدم(نمائندہ خصوصی ) شہری ایکشن کمیٹی کے چیئرمین حبیب اللہ خان مری نے کہا ہے کہ 16 سال سے پپلزپارٹی کی حکومت ہونے کے باوجود ٹنڈوآدم کی سڑکیں، گلیاں موہن جوڈرو کا نقشہ پیش کررہی ہیں، ٹوٹی ہوئی سڑکیں اور جگہ جگہ غلاظت کے ڈھیر، سیوریج کا گلیوں، سڑکوں پر کھڑا پانی عوام کے لئے اذیت کا باعث بنا ہوا ہے شہر میں جو تھوڑے بہت ترقیاتی کام ہوئے وہ علاقے کے ایم این اے، ایم پی اے یا سینیٹر کے مرہون منت ہیں تو پھر مونسپل کمیٹی کو سرکار کی طرف سے ملنے والے اربوں روپے کہاں جارہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے ٹنڈوآدم پریس کلب میں سکندر ملوکھانی، مشتاق احمد عادل، نثار قریشی، فیض محمد ڈیرو، محمد خان پنہور ودیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ مونسپل کمیٹی ٹنڈوآدم کے بجٹ اجلاس میں 24-2023 اخراجات کی تفصیل پیش کی گئی جس میں ترقیاتی کاموں کیلیے 7 کروڑ پچاس لاکھ روپے ظاہر کئے گئے لیکن یہ رقم کن کاموں پر کہاں خرچ ہوئی اور ٹوٹل بجٹ کتنا رکھا گیا تھا تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ مونسپل کمیٹی ٹنڈوآدم کو ملنے والی رقم کا آدھا حصہ بھی شہر کے ترقیاتی کاموں پر خرچ ہوجائے تو شہر کی قسمت بدل جائے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ چیئرمین کے دور میں مونسپل کمیٹی نے اپنی پراپرٹی پر برائے فروخت کا بورڈ لگادیا ہے ناکے تک بیچے جارہے ہیں اگر کل کو ناکہ سسٹم بحال ہوجاتا ہے تو انہیں قائم کرنے کیلئے جگہیں کہاں سے لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مونسپل میں اپوزیشن نہ ہونیکی وجہ سے من مانیاں کی جارہی ہیں لیکن ٹنڈوآدم شہری ایکشن کمیٹی اب اپوزیشن کا کردار کرتے ہوئے شہری مسائل کے حل کیلیے اپنا کردار ادا کرتی رہیگی۔