گھوٹکی میں بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کی مہم کا آغاز

135

ڈھرکی (نمائندہ جسارت) ضلع گھوٹکی کے 4 لاکھ 77 ہزار بچوں کو ’’آؤ پولیو بھگاؤ۔ بچے بچاؤ‘‘ کے عنوان سے پولیو سے بچاؤ کے دو قطرے پلانے کی 7 روزہ مہم کا آغاز کمشنر سکھر ڈویژن فیاض حسین عباسی اور ڈی سی ضلع گھوٹکی ڈاکٹر سید محمد علی نے ڈی ایچ کیو اسپتال پہنچ کر کیا۔ اس موقع پر کمشنر سکھر ڈویژن فیاض حسین عباسی و دیگر نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پولیو مکاؤ مہم کا مقصد عام لوگوں میں اس بات کا مضبوط اور فکر انگیز احساس پیدا کرنا ہے کہ پولیو موزی اور خطرناک بیماری ہے جو ہمارے معصوم پھول جیسے بچوں کو ہمیشہ کے لیے اپاہج بنا کر انہیں زندگی بھر کے لیے معذور بنا کر انہیں مستقبل میں اپنے ماں باپ اور اپنے بیوی بچوں کا سہارا بننے سے محروم کر کے انہیں ہمیشہ پوری زندگی کے لیے دوسروں کے سہاروں کا محتاج بنا دیتی ہے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی نمونے سے پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، شکارپور میں ایک کیس سامنے آچکا ہے، اس لیے پولیو وائرس سے بچاؤ کا واحد حل بچوں کو قطرے پلانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں صرف 2 ممالک پاکستان اور افغانستان ہیں جس میں پولیو وائرس اب بھی جوں کا توں ہے اور رواں سال کے دوران بلوچستان میں 12 سے زائد پولیو کیس رجسٹرڈ ہوئے ہیں، جہاں سے لاتعداد لوگوں کی سکھر آمد و رفت رہتی ہے۔