کرپشن کیس،پرویز الٰہی کی حاضری معافی کی درخواست منظور

24

لاہور (آن لائن) سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کی ترقیاتی منصوبوں میں کرپشن کیس میں ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کر لی گئی۔لاہور کی احتساب عدالت کے جج زبیر شہزاد کیانی نے پی ٹی آئی رہنما چودھری پرویز الٰہی کے خلاف ترقیاتی منصوبوں میں اربوں روپے کی کرپشن اور کک بیکس وصولی کے ریفرنس کی سماعت کی ۔پرویز الٰہی بیماری اور اسپتال داخل ہونے کے باعث پیش نہیں ہوئے ان کی جانب سے ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست دائر کی گئی۔دوران سماعت وکلاء نے موقف اپنایا کہ عدالتی حکم کے باوجود نیب گواہان
کے بیانات کی نقول نہیں دی جا رہیں، ملزمان کو نیب انکوائری کے گواہان کے بیانات کی نقول دی جائیں۔عدالت کی جانب سے ملزمان کو نیب انکوائری کے گواہان کے بیانات کی نقول نہ دینے پر ناراضگی کا اظہار کیا گیا۔فاضل جج نے ریمارکس دیے کہ اگر آئندہ سماعت تک ملزمان کو ضروری دستاویزات نہ دیں تو ریفرنس واپس بھجوا دوں گا جس پر پراسیکوٹر نے یقین دہانی کروائی کہ آئندہ سماعت تک نیب کاپیاں دے گا یا معاملے کو سپریم میں چیلنج کرے گا۔بعدازاں عدالت نے پرویز الٰہی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 25ستمبر تک کیلیے ملتوی کر دی۔