سعود شکیل چیمپئنز ون ڈے کپ میں ڈولفنز کی قیادت کے لیے تیار

40

فیصل آباد (نمائندہ خصوصی ) پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے نائب کپتان سعود شکیل چیمپئنز ون ڈے کپ میں ڈولفنز کی قیادت کے لیے پوری طرح تیار ، چیمپئنز ون ڈے کپ کا آغاز کل سے اقبال اسٹیڈیم میں فیصل آباد میں ہوگا،5 ٹیموں پر مشتمل اس ٹورنامنٹ کا فائنل 29 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔ ڈولفنز، جن کے مینٹور پاکستان کے سابق کپتان سرفراز احمد ہیں، اپنا پہلا میچ 14 ستمبر کو شاداب خان کی ٹیم پینتھرز سے کھیلے گی، جس کے مینٹور سابق آف اسپنر ثقلین مشتاق ہیں۔ 15 ون ڈے انٹرنیشنل میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے 29 سالہ سعود شکیل نے پی سی بی ڈیجیٹل سے بات کرتے ہوئے اپنی ٹیم کے کامبی نیشن کے بارے میں بتایا کہ سرفراز احمد کا بطور مینٹور تجربہ ٹیم کو ٹورنامنٹ میں اچھی کارکردگی دکھانے میں رہنمائی کرے گا۔ ہمارے پاس چیمپئنز ون ڈے کپ میں ایک متوازن ٹیم ہے جو تجربہ کار کھلاڑیوں اور نوجوان ٹیلنٹ کا امتزاج ہے۔ یہ ٹورنامنٹ کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کو ثابت کرنے اور قومی ٹیم میں منتخب ہونے کے لیے سلیکٹرز کو متاثر کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ ٹورنامنٹ کے افتتاحی ایڈیشن کی اہمیت کے بارے میں بات کرتے ہوئے سعود نے کہا کہ چیمپیئنز ون ڈے کپ کا یہ افتتاحی ایڈیشن ڈومیسٹک کرکٹ کے لیے بہت اہم ثابت ہوگا۔ یہ کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کو ظاہر کرنے کے لیے ایک بڑا مرحلہ فراہم کرے گا ۔ خاص طور پر 50اوورز کے فارمیٹ میں کیونکہ اب انٹرنیشنل سیزن بھی شروع ہونے والا ہے اس کے علاوہ شائقین کو بھی اس ٹورنامنٹ میں اپنے پسندیدہ کرکٹرز کودیکھنے کا موقع ملنے والا ہے۔
ڈولفنز15 رکنی اسکواڈ میں سعود شکیل (کپتان، کراچی)، آفتاب ابراہیم(کراچی)، آصف علی (فیصل آباد)، اویس علی(گوجرانوالا)، فہیم اشرف (قصور)، کاشف علی(راولپنڈی)، میر حمزہ (کراچی)، محمد ہریرہ (سیالکوٹ)، محمد عباس آفریدی (پشاور)،محمد اخلاق (کاموکی)، محمد غازی غوری(کراچی)، محمد ریاض اللہ(پشاور)، نعمان علی(حیدرآباد)، قاسم اکرم (لاہور)، ثمین گل (جمرود)، سرفراز احمد (کراچی)،صاحبزادہ فرحان(پشاور)، سفیان مقیم(کوٹلی)، عمر امین(راولپنڈی) اور عثمان قادر (لاہور) مینٹور ۔ سرفراز احمد شامل ہیں ۔ڈولفنز کے میچز کے شیڈول کے مطابق تمام میچز 3 بجے شروع ہونگے۔14ستمبر کو بمقابلہ پینتھرز،17ستمبر کو بمقابلہ وولوز ،19ستمبر بمقابلہ اسٹالینز ہو گا ۔