چین اور امریکا میں 2برس بعد عسکری سطح پر مذاکرات

133

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) چینی اور امریکی فوج نے عسکری تعلقات کو مستحکم کرنے اور غلط فہمیوں سے بچنے کے لیے 2 سال کے تعطل کے بعد اعلیٰ سطح کے مذاکرات کیے ۔ خبررساں اداروں کے مطابق انڈوپیسیفک کمانڈ نے بتایا ہے کہ سربراہ امریکی انڈوپیسیفک کمانڈ نے چینی ہم منصب سے وڈیو کال پر بات کی ۔ انڈوپیسیفک کمانڈ کا کہنا ہے کہ انہوں نے چین پر زور دیا ہے کہ بحیرئہ جنوبی چین میں تنازع بڑھانے کے اقدامات پر نظر ثانی کرے۔ اس دوران دونوں ممالک نے غلط فہمیوں کو کم کرنے کے لیے مسلسل بات چیت کی اہمیت پر زور بھی دیا ہے۔چینی وزارتِ دفاع نے بتایا ہے کہ دو طرفہ مذاکرات کے دوران فریقین نے مشترکہ تشویش کے امور پر تبادلہ خیال کیا ۔ واضح رہے کہ امریکا رواں ہفتے پینٹاگون کے سینئر اہلکار چین بھیجنے کا ارادہ رکھتا ہے۔