پشاور(خبرایجنسیاں) پی ٹی آئی رہنما سلمان اکرم راجا نے کہا ہے کہ جمہوری عمل اور آئین کو آزادی دو۔پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ٹی آئی ان کا کہنا تھاکہ ملک کے سیاسی و جمہوری عمل پر کچھ لوگ حاوی ہیں،کوئی غلط فہمی میں نہ رہے کیونکہ لوگ اٹھ کھڑے ہوئے ہیں۔سابق حکمران جماعت کی کور کمیٹی کے اجلاس کے اختتام کے بعد ہونے والی پریس کانفرنس میں عمر ایوب خان، اسد قیصر، اعظم سواتی اور سلمان اکرم راجہ سمیت پارٹی رہنما بھی موجود تھے۔سلمان اکرم راجا نے کہا کہ پی ٹی آئی کے جلسے کو روکنے کے لیے ایک دن پہلے قانون بنایا گیا، جلسے کا اپنا ماحول ہوتا ہے، سوئچ سے 7 بجے جلسہ ختم نہیں کیا جاسکتا۔انہوں نے کہا کہ یہ سوچ کہ ہمارے آگے سر جھکانے والا ہی قابل قبول ہے، پاکستان کے عوام پر حملہ ہے۔رہنما تحریک انصاف اور سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصرنے کہا ہے کہ ہماری جنگ شروع ہوگئی ، اب ہم مزاحمت کی طرف جارہے ہیں،آئین وقانون کے اندررہ کر جدوجہد کریں گے۔ان کا کہنا تھاکہ سینیٹ میں خیبر پختونخوا کی نمائندگی نہ ہو یہ کیسا اتفاق ہے، اس وقت حالات اتنے خطرناک ہیں کہ بلوچستان میں عملی طور پر حکومت کی رٹ ختم ہو چکی ہے۔انہوں نے کہاکہ اسلام آباد جلسے کے لیے پوری پنڈی ڈویژن کو سیل کیا گیا، رکاوٹیں کھڑی کرکے توہین عدالت اور قانونی کی خلاف ورزی آپ نے کی ہے، اسلام آباد جلسے کے حوالے سے ہمیں کمشنر اور پولیس آفیشل کے خلاف عدالت جانا چاہیے۔رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ اپنے حدود سے باہر جانے والے اداروں کو روکنا ہوگا، یہ ادارے ہمارے بچوں کا مستقبل تباہ کرنے جا رہے ہیں، تمام ادارے اگر قانون کے اندر ہوں وہ ہمارے لیے قابل احترام ہیں۔ان کا مزید کہنا تھاکہ پختونخوا کے ورکرز مایوس ہیں، ہم عدالتوں کے علاوہ سڑکوں ہر بھی نکلیں گے، بانی پی ٹی آئی اور ساتھیوں کی رہائی ہمارا پہلا مطالبہ ہے۔