ایمان، اتحاد اور تنظیم کے اصولوں کو مشعل راہ بنانے کی ضرورت ہے،صدرمملکت/وزیراعظم

125
The principles of faith, unity and organization

اسلام آباد:صدرآصف علی زرداری وزیراعظم محمدشہبازشریف نے کہا ہے کہ ملکی ترقی کے لیے “ایمان اتحاد اور تنظیم” کے اصولوں کو مشعل راہ بنانے کی ضرورت ہے،ایک ایسے پاکستان کے حصول کے عہد کی تجدید کرتے ہیں جہاں امن و انصاف ہو ہر شہری کو ترقی کا یکساں موقع ملے ۔

قائد اعظم محمد علی جناح کے 76ویں یوم وفات کے موقع پر اپنے الگ الگ پیغامات میں ان خیالات کا اظہار صدر وزیر اعظم نے کیا ہے ۔ صدرمملکت نے قائداعظم محمد علی جناح کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک علیحدہ وطن کے حصول کیلئے ان کی کاوشوں اور کردار کے ممنون ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ قائد اعظم نے ایک ایسے وطن کیلئے جدوجہد کی جہاں مسلمان باوقار زندگی بسر کریں اور اپنے سیاسی، ثقافتی اور مذہبی حقوق کا استعمال کر سکیں،وہ  ایک دور اندیش رہنما تھے جنہوں نے ہندوستان کے مسلمانوں کو ایک جھنڈے تلے متحد کیا۔ صدر نے کہا کہ پوری قوم حق خود ارادیت کیلئے قائد کی انتھک جدوجہد اور غیر متزلزل عزم کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔

صدر اور وزیراعظم کا کہنا تھا کہ قائد اعظم نے اپنی انتھک جدوجہد کی بدولت کروڑوں مسلمانوں کی تقدیر بدل دی۔ پاکستان کے لیے قائداعظم کا وژن بنیادی طور پر جمہوری تھا اور وہ ایک ایسی ریاست کے خواہاں تھے جہاں تمام شہری قانون کے سامنے برابر ہوں گے۔ قائد اعظم کی جدوجہد نے نہ صرف پاکستان کے جمہوری نظام کی بنیاد رکھی بلکہ وہ آج بھی پارلیمانی جمہوریت اور بین المذاہب ہم آہنگی کے لیے ہمارے لیے مشعل راہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح کو خراج تحسین پیش کرنے کا بہترین طریقہ ان کے سنہری اصولوں پر عمل پیرا ہو کر ملک خدا داد پاکستان کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے انتھک محنت اور جدو جہد کریں۔

صدر وزیر اعظم نے تمام سیاسی جماعتوں کو پارٹی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر ملک کو درپیش مسائل کو حل کرنے کیلئے مل کر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ اسپیکر نے اللہ تعالی سے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے درجات کی بلندی اور انکے بتائے ہوئے زریں اصولوں پر عمل پیرا ہونے اور ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے توفیق عطا فرمانے کی دعا کی۔