نواز شریف متحرک:ملک بھر میں دورے کرنے کا فیصلہ

141

لاہور:مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف سیاسی میدان میں متحرک ہونے کے لیے ملک بھر کے دورے کریں گے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ میں ن لیگی ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ نواز شریف نے ملک گیر دورے کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس حوالے سے وہ بلوچستان سے اپنے دوروں کاآغاز کریں گے۔

سابق وزیراعظم اور لیگی قائد نواز شریف بلوچستان کے بعد سندھ اور پھر کے پی کے کا دورہ کریں گے، تینوں صوبوں کے بعد نواز شریف پنجاب کے مختلف اضلاع کے دورے شروع کرینگے، نوازشریف جنوبی پنجاب بھی جائیں گے جہاں وہ پارٹی رہنماؤں کی کارکردگی کا جائزہ لیں گے۔

پارٹی ذرائع کے مطابق نواز شریف بلوچستان میں پارٹی کو از سر نو متحرک کرنے کے لیے تنظیم نو کریں گے، نوازشریف پارٹی کے مخلص اور دیرینہ ساتھیوں کو اعلیٰ تنظیمی عہدے دیں گے، پنجاب سمیت ملک بھر میں پارٹی کی نئی تنظیم سازی کا عمل مکمل کیا جائے گا۔

نواز شریف کی ہدایت پر تحصیل کی سطح تک تنظیم سازی کے لئے مشاورت کا عمل پہلے ہی مکمل ہو چکا، نواز شریف کی حتمی منظوری سے نئی تنظیم سازی کا اعلان کیا جائے گا، اگلے مرحلے میں چاروں صوبوں میں یونین کونسل تک پارٹی کی تنظیم سازی کا عمل مکمل کیا جائے گا۔