اسلام آباد : مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے پارٹی کے ناراض دوستوں کو منانے کیلئے کمیٹی قائم کردی۔
تفصیلات کے مطابق چوہدری شجاعت حسین طویل عرصے بعد پارٹی کے مرکزی آفس مسلم لیگ ہاوس پہنچے، ان کا استقبال ہار پہناکر اور گلدستے پیش کرکے کیا گیا۔اس موقع پر ق لیگ کے سربراہ نے پارٹی رہنما ڈاکٹر امجد کی خدمات کو سراہا اور پارٹی دفتر کو فعال کرنے پر مبارک باد دی۔
چوہدری شجاعت حسین نے ملاقاتیوں کو بتایا کہ اب صحت بہتر ہے، تنظیمی امور کی خود نگرانی کروں گا، پارٹی فیصلے مشاورت سے ہوں گے۔ انہوں نے پارٹی کو مزید فعال کرنے اور ناراض دوستوں کو منانے کیلیے کمیٹی بنانے کا اعلان کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھاکہ سیاست خدمت کا نام ہے، اسے منافقت، نفرت اور بدتمیزی کی وجہ سے گالی بنادیا گیا ہے۔ مخالفین کو برے ناموں سے پکارنا اور شکلیں بگاڑنا ہماری سیاسی روایات نہیں رہیں، کارکن اپنی کسی سیاسی، نظریاتی مخالف جماعت کے متعلق کبھی منفی گفتگو نہ کریں۔ چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ نفرت، انتقام اور حسد کی سیاست ملک و قوم کیلیے نقصان دہ اور نوجوان نسل کیلیے زہر قاتل ہے۔