سکھر (نمائندہ جسارت) کمشنر فیاض حسین عباسی نے ڈپٹی کمشنر خیرپور کی سفارش پر ضلع میں 30 روز کے لیے دفعہ 144 نافذ کر دی۔ اعلامیے کے مطابق کمشنر نے ڈپٹی کمشنر خیرپور کی سفارش پر جشن میلاد النبی ؐ کے موقع پر ضلع میں دفعہ 144 سی آر پی سی نافذ کر دیا۔ حکم نامے کے مطابق دفعہ 144 کے تحت ضلع بھر میں اسلحہ کی نمائش، لاؤڈ اسپیکر کے غلط استعمال، جذبات بھڑکانے والی وال چاکنگ، بینرز و پوسٹرز آویزاں کرنے اور عوامی مقامات پر قابل اعتراض آڈیو/ ویڈیو کیسٹ چلانے پر پابندی ہو گی، میلاد النبی ؐ کے جلسوں اور جلوسوں کے دوران چھتوں پر کھڑے ہونے اور بغیر اجازت جلسوں اور جلوسوں، ریلیوں پر بھی پابندی عائد ہو گی جبکہ ضلع بھر میں امن و امان کے قیام کے لیے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد کر دی ہے۔