سکھر (نمائندہ جسارت) پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کا وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کی جانب سے ملک بھر کی صحافی برادری اور بالخصوص خواتین صحافیوں کے خلاف نازیبا اور گھٹیا زبان کے استعمال کرنے پر سخت مذمت، پی ایف یو جے نے اعلان کیا ہے کہ اگر پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان نے اس طرز عمل کی معافی نہیں مانگی تو صحافی برادری پی ٹی آئی کی کوریج کا مکمل بائیکاٹ کرے گی اور ان کی پارٹی کے رہنماؤں کے اس طرز عمل پر جلد ہی اجلاس بلاکر ملک گیر تحریک کا آغاز بھی کیا جائے گا، پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے صدر افضل بٹ ، سیکرٹری جنرل ارشد انصاری اور سیکرٹری فنانس لالہ اسد پٹھان نے وزیر اعلیٰ کے پی کے کی جانب سے صحافتی برادری کے خلاف نازیبا اور شرمناک زبان کے استعمال کو ان کی تربیت کا حصہ قرار دیتے ہوئے شدید مذمت کی ہے۔ پی ایف یو جے کے تینوں رہنماؤں نے اپنے بیان میں کہا گیا ہے کہ اپنے دور حکومت میں سابق وزیر اعظم عمران خان بھی میڈیا پر بکنے سمیت متعدد بلا جواز الزامات اور تنقید کرتے رہے ہیں، تاہم اب جیل میں وہ اسی میڈیا کی تعریف اور میڈیا کے نمائندوں کی رسائی کی دہائیاں دیتے نظر آتے ہیں۔ پی ایف یو جے کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ علی امین گنڈا پور کی جانب سے پوری صحافتی برادری اور بالخصوص خواتین کے بارے میں گھٹیا زبان کے استعمال سے ثابت ہو گیا ہے کہ سیاسی ناکامیوں کا ذمہ دار میڈیا کو ٹھہرانا پی ٹی آئی کی تربیت کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے نااہل وزیر اعلیٰ کے پی کے علی امین اہل قلم کو دھمکیاں دینے والے بہادر وزیر اعلی کی بہادری کا یہ عالم ہے کہ وہ خود دہشت گردوں کو بھتا دے کر زندگی گزار رہا ہے۔ پی ایف یو جے کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ ملک بھر کی صحافی برادری پر الزام تراشی بالخصوص خواتین کے بارے میں نازیبا بیان بازی کو تمام متعلقہ فورمز پر اُٹھایا جائے گا اور اگر فوری معافی نہیں مانگی گئی تو پھر ملک بھر میں صحافی برادری دما دم مست قلندر کرے گی۔