تمام مکاتب فکر مذہبی رواداری برقرار رکھیں،میئر

87

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) میئر کاشف شورو کی ہدایت پر بلدیہ کی جانب سے میئر سیکرٹریٹ سوک سینٹر میں عید میلادالنبی ﷺ کے سلسلے میں شہر بھر میں مختلف مساجد، میلاد کمیٹیوں و انجمنوں کی جانب سے نکالے جانے والے جلوسوں و دیگر محافلوں کے انعقاد کے انتظامات کے حوالے سے اجلاس منعقد کیا گیا، جس کی صدارت مئیر نے کی۔ اجلاس میں شہر کی مختلف مذہبی شخصیات، علماء کرام، مشائخ، ڈسٹرکٹ امن کمیٹی کے عہدیداران، مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں اور میلادکمیٹیوں و انجمنوں کے عہدیداران نے شرکت کی۔ اجلاس میں مئیر کاشف شورو کے علاوہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر گدا حسین سومرو، میونسپل کمشنر ظہور احمد لکھن، ٹاؤن میونسپل کارپوریشنز کے چیئرمین عبدالغفور درس، مصطفی بلال،،منٹھار جتوئی، تاج ولی، عمیر چانڈیو، جماعت اہل سنت کے نعیم اختر رضوی،فقیر عبدالغنی شاہ،انجمن فدائیان رسول کے صدر اشتیاق الدین،جاوید احمد،مفتی شاہد برکاتی، درگاہ سخی عبدالوہاب شاہ جیلانی کے چیئرمین حاجی گلشن الٰہی کے صاحبزادے حسان الٰہی، انجمن شیدائیان رسول کے محبوب عالم شیروانی، سنی تحریک کے عمران قادری، جمعیت علماء پاکستان کے یونس، دعوت اسلامی کے جہانزیب عطاری، حیدرآباد چمبر کے نجم الدین قریشی، ڈسٹرکٹ امن کمیٹی کے ذمہ داران، بلدیہ اور سند ھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ، ریسکیو 1122 کے افسران ودیگر بھی شریک تھے۔ اجلاس میں تمام شرکاء نے میئر کو اپنے اپنے مسائل اور تجاویز پیش کیں اور حالیہ دنوں ہونے والی برساتوں میں میئر کی ذاتی کاوشوں اور بہترین انتظامات کو بے حد سراہتے ہوئے میئر کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے میئر کی ہدایت پر ربیع الاول کی مناسبت سے شہر میں کرائے جانے والے انتظامی کاموں پر بھی اطمینان کا اظہار کیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مئیر کاشف علی شورو نے کہا کہ ربیع الاول اُمت مسلمہ کے لیے عقیدت واحترام اور انتہائی اہمیت کا حامل مہینہ ہے، اس مبارک ماہ میں ہی حضور انور سرور کونین حضرت محمد ﷺ کو دنیا کو اندھیروں سے نکالنے کے لیے بھیجا گیا، آج کے اجلاس کا بنیادی مقصد سرکار دو عالم حضرت محمدﷺ کے جشن ولاد کو شایان شان طریقے سے منانا ہے اور اس ا ہم موقع پر تمام مکاتب فکر کے مابین مذہبی رواداری کو برقرار رکھنا ہے، 12 ربیع الاول کے دن دنیا بھر میں سرور کائنات رحمتہ اللعالمین کا جشن ولادت مبارک منایا جاتا ہے اور جشن عید میلاد کے تقدس کا خیال رکھنا اور اس کے انتظامات کرنا ہماری منصبی ہی نہیں بلکہ دینی ذمہ داری بھی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے ربیع الاول کی آمد کے ساتھ ہی مختلف مذہبی جماعتوں، میلاد کمیٹیوں اور انجمنوں کی جانب سے نکالے جانے والے جلوسوں کی گزرگاہوں، میلاد کے مقامات، مساجد، مزارات اور امام بارگاہوں کے اطراف میں صفائی ستھرائی اور روشنی کے خصوصی انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے بلدیہ کے متعلقہ شعبوں کو پہلے ہی متحرک کردیا ہے اور انشاء اللہ 12 ربیع الاول سے قبل تمام انتظامات مکمل کر لیے جائیں گے اور آپ کی جانب سے پیش کردہ مسائل کو حل کیا جائے گا، ربیع الاول کے انتظامات کو مانیٹر کرنے اور انجمنوں کے ساتھ باہمی رابطہ کے حوالے سے میئر نے ایک 3رکنی کمیٹی بھی تشکیل دی جنھیں ربیع الاول کے تمام انتظامات کو یقینی بنانے کے احکامات دیے گئے۔ اجلاس سے مختلف علما کرام اور انجمنوں کے عہدیداران نے بھی خطاب کیا۔