کراچی (اسٹاف رپورٹر) بہادر یار جنگ اکیڈمی کے زیر اہتمام اور پاکستان کوئز سوسائٹی انٹرنیشنل رجسٹرڈ کے تعاون سے تحریک پاکستان کوئز میں کراچی کے تعلیمی اداروں کی 24 ٹیموں نے شرکت کی ، بہادر یار جنگ اکیڈمی میں ہونے والے ذہنی آزمائش کے مقابلے میں عمیمہ اعجاز اور مہوش نواز پر مشتمل کراچی یونیورسٹی کی ٹیم نے تمام سوالوں کے جوابات دے کر پہلا انعام حاصل کیا ، علی گڑھ انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے اربان خان اور طلحہ سلطان نے دوسری اور جامعہ کراچی کے فارمیسی ڈیپارٹمنٹ کے ہاشم علی اور ارمغان آصف نے تیسری پوزیشن حاصل کی، پروگرام میں ججز کے فرائض میر حسین علی امام ، پروفیسر ایاز رضا ترمذی اور واجد رضا اصفہانی نے انجام دیے۔ پروگرام کے اختتام پر کامیاب طلبا میں انعامات تقسیم کیے گئے۔تقریب کی صدارت زیبسٹ یونیورسٹی کے نائب صدر (اکیڈمک) ڈین کمپیوٹنگ اینڈ انجینئرنگ سائنسز پروفیسر ڈاکٹر محمد الطاف مکاتی نے کی جبکہ مہمان خصوصی علما یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر منصور الظفر داؤد تھے ، ان معزز مہمانوں کے علاوہ بہادر یار جنگ اکیڈمی کے صدر پروفیسر ڈاکٹر سید وسیم الدین ، جنرل سیکرٹری صبیح الدین حسینی اور پاکستان کوئز سوسائٹی انٹرنیشنل رجسٹرڈ کے وائس چیئرمین سید جاوید رضا نے اپنے خطاب میں معلومات عامہ کی اہمیت اور اس کے فروغ میں کوشاں پاکستان کوئزسوسائٹی انٹرنیشنل کی پچاس سالہ خدمات کو سراہا۔تقریب میں میزبانی کے فرائض عبد الباسط جبکہ کوئز ماسٹر پاکستان کوئز سوسائٹی انٹرنیشنل کے جنرل سیکرٹری محمد عارف سومرو تھے۔