’ آپ اٹک پل پار کرکے دکھائیں‘ رانا ثنااللہ کاعلی امین کو انتباہ

53

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم کے مشیربرائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو خبردار کردیا۔ایک بیان میں رانا ثنااللہ نے کہا کہ اسلام آباد کے راستے کھلے تھے،جلسے میںشریک ہونے والوںکو کہیںنہیں روکا گیا۔ملک میں انارکی پھیلانے کے لیے تقریرکی گئی،، علی امین گنڈاپور 2 نمبر آدمی ہے،جس زبان میںلاہورپر چڑھائی کادعویٰ کیا اب اسی زبان میںجواب ملے گا۔خیال رہے کہ اسلام آباد کے علاقے سنگجانی کی مویشی منڈی میں پاکستان تحریک انصاف کے جلسے سے خطاب میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے عمران خان کی رہائی کے لیے حکومت کو ڈیڈ لائن دی ہے۔علی امین کا کہنا تھاکہ عمران خان کے وکلا نے بتایاکہ ان کے کیسز ختم ہوچکے ہیں، ایک سے 2 ہفتے میں قانونی طور پر عمران خان رہا نہ ہوا تو ہم پھر انہیں خود رہا کریں گے۔ علاوہ ازیں ن لیگ کے وفاقی وزرا نے علی امین گنڈاپور کے بیان کی شدید مذمت کی ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کا پریس کانفرنس میں کہنا تھا کہ ایک وزیر اعلیٰ اسٹیج پر کھڑا ہو کر، ادھر سے دہشت گردوں سے بھاگ کر آتا ہے، اتنا دم نہیں ہے ان سے آنکھیں ملائے۔انہوںنے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے الٹی میٹم پر ردعمل دیا تم آؤ لاہور، ہم انتظار کریں گے، اور دیکھیں گے کہ اٹک کا پل کیسے عبور کرو گے؟جبکہ وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان امیر مقام نے کہاہے کہ تحریک انصاف نے جلسے کے لیے سرکاری وسائل کا بے دریغ استعمال کیا ، اس کی تحقیقات ہونی چاہئیں، عوام نے انہیں مسترد کردیا، وہ شخص کیا پورے پاکستان کی بات کرے گا، جس کا خود اپنے حلقے پر کنٹرول نہیں۔ ادھر لاہور میں وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کو چیلنج دیتے ہوئے کہا ہے کہ علی امین گنڈا پور پنجاب پر لشکر کشی کرکے تو دکھائیں، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے پھر گندی زبان استعمال کرکے حد پار کی، جو تقریریں، حرکتیں وہاں ہوئیں، وہ انسانوں کی نہیں تھیں، جو بندہ لشکر لے کر پنجاب آیا تھا وہ اپنے حلقے میں نہیں جاسکتا، پنجاب پولیس نشئیوں کا نشہ جلدی اتار دیتی ہے، جلا ئوگھیرائو، پتھرائو پر قانون حرکت میں آئے گا، فتنہ گینگ پاکستان کا امن تباہ کرنے کی سازشوں میں مصروف ہے۔ن لیگ کے سینیٹر طلال چودھری نے وڈیو بیان میں کہا ہے کہ علی امین گنڈاپور کا مستقبل وزارت اعلیٰ سے اڈیالہ جیل نظر آ رہا ہے،پی ٹی آئی کے جلسے میں تقریریں کیا بہترین بڑھکیں تھیں، مجھے اپنے بچپن کی سلطان راہی کی فلمیں یاد آ گئیں ۔