اسلام آباد: تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کا جلسہ مقرر وقت پر ختم ہونے پر حکومت کی جانب سے کالعدم قرار دے دیا گیا، 26 نمبر چونگی پر پی ٹی آئی اور پولیس کے درمیان جھڑپ، جلسہ کے شرکاء کا پولیس پرپتھراؤں متعداد پولیس اہلکار زخمی ہوگئے، آئی جی اسلام آباد نےقانونی کارروائی کے لیے مزید نفری طلب کرلی۔
میڈیا رپورٹس کےمطابق پی ٹی آئی جلسے کے لیے حکومت کی جانب سے مخصوص روٹ پلان کرکے تحریک انصاف کی قیادت کو فراہم کیا گیا تھا، اسلام آباد کے داخلی اور خارجی راستوں کو کنٹینر اور دیگر رکاوٹیں لگاکر بند کردیا گیا تھا۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ بانی پی ٹی آئی کے خلاف ایک اور مقدمہ درج کرنا منظور نہیں، عوام بے خوف ہوکر اسلام آباد پہنچی ہے، جلسے کی راہ میں رکاوٹیں قائم کرنا عدالتی حکم کی خلاف ورزی ہے، حکومت ہمارے خلاف پروپیگنڈہ کرنا بند کرے۔
خیال رہے کہ عدالتی حکم پر پی ٹی آئی کو اسلام آباد میں 4بجے سے 7بجے تک جلسہ کرنے کی اجازت دی گئی تھی تاہم پی ٹی آئی کا جلسہ چیئرمین بیرسٹر گوہر کے خطاب کے بعد بھی جاری ہے، جس کے بعد آئی جی اسلام آباد نے قانونی کارروائی کرنے کا عندیہ دیا ہے۔