اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے عالمی یوم خواندگی کے موقع پر ملک بھر میں تعلیمی ایمرجنسی لگادی۔
اتوار کوخواندگی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم نے کہا کہ اس مقصد کے لیے ہم نے ملک بھر میں تعلیمی ایمرجنسی کا اعلان کیا ہے، خواندگی ایک بنیادی انسانی اور آئینی حق ہے، تعلیم اور خواندگی ہمارے ملک کے مستقبل کی ضمانت ہیں، خواندگی محض پڑھنے لکھنے کی صلاحیت نہیں ہے بلکہ یہ بااختیار بنانے، اقتصادی مواقع اور معاشرے میں فعال شرکت کا ایک گیٹ وے ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ آج ہم تعلیم کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں، ہم ایک زیادہ باخبر اور پائیدار قوم کے لیے کوشاں ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ تعلیم ہمارے معاشرے کی ریڑھ کی ہڈی ہے، اس مقصد کے لیے ہم نے ملک بھر میں تعلیمی ایمرجنسی کا اعلان کرتے ہوئے طلبہ کے اندراج کی مہم شروع کی ہے اور اسکولوں میں بچوں کو دوپہر کا کھانا دینا شروع کیا ہے، اسکول چھوڑنے کی شرح کو کم کرنے اور ہر بچے کو اپنی تعلیم مکمل کرنے کی ترغیب دینے کے لیے وظائف اور دیگر مراعات بھی متعارف کرائی ہیں۔