سندھ حکومت کی کارکردگی نے لاکھوں شہریوں کو اذیت میں مبتلا کردیا ہے، منعم ظفر

213
not remain silent

کراچی:امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہےکہ پیپلزپارٹی کی صوبائی حکومت گزشتہ 16سال سے کراچی کے عوام کو دھوکا دے رہی ہے،بی آرٹی ریڈ لائن کے نام پر یونیورسٹی روڈ کو کھود کر چھوڑدیاگیا، شہر کے بڑے تعلیمی ادارے اوربڑے ہسپتال اسی شاہراہ پر موجود ہیں،سندھ حکومت نے لاکھوں شہریوں کو اذیت میں مبتلا کردیا ہے، ریڈ لائن منصوبہ شہریوں کے لیے وبال جان بن چکا ہے۔

منعم ظفر خان نے یونیورسٹی روڈ پر کراچی انفراسٹرکچر کی خراب ترین صورتحال،ریڈ لائن منصوبہ ودیگر شہری مسائل کے حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ کراچی کے ساڑھے تین کروڑ عوام کو صرف ریڈ لائن منصوبہ نہیں، اورنج لائن ٹرین اور ماس ٹرانزٹ منصوبے بھی چاہیئے،اس منصوبے میں 3مزدور اپنی جان کی بازی ہارچکے ہیں،ریڈ لائن منصوبہ 504ملین یوایس ڈالر کے فنڈز سے بنایا جارہا ہے۔

امیر جماعت اسلامی کراچی  کاکہنا تھا کہ 2019میں ریڈلائن منصوبہ کی منظوری دی گئی جس کاتعمیر کا آغاز 2021سے کیا گیااور اس منصوبہ کو 2023دسمبر کو مکمل ہونا تھاجو آج تک مکمل نہیں ہوسکا۔سندھ حکومت ایک جانب اختیارات نچلی سطح تک منتقل کرنے کی بات کرتی ہے دوسری جانب کراچی کے اداروں پر قبضہ کیا جارہاہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ   کچرااٹھانے کا اختیار بھی سندھ حکومت نے اپنے پاس رکھا ہوا ہے،صوبائی حکومت کراچی دشمنی ترک کرنے اور اختیارات منتقل کرنے کے لیے تیار نہیں ہے، جماعت اسلامی کی حق دو کراچی مہم جاری ہے، ہم ہر صورت میں آئین کے آرٹیکل 14-Aکے تحت اختیارات منتقل کروائیں گے اور عوام کو ان کا حق دلوائیں گے۔