حکمرانوں نے آئی پی پیز سے ظالمانہ معاہدے کر کے عوام کو اذیت میں مبتلا کیا، حافظ نعیم

246
correct facts

کراچی:امیرجماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ حکمران و اپوزیشن جماعتیں ذاتی جائیدادیں اور بنک بیلنس بنارہی ہیں،ملک کی سیاسی پارٹیوں کا مسئلہ پانی، بجلی،گیس اور پیٹرول ہے ہی نہیں،مسائل کے حل کے لیے ان گرتی ہوئی دیواروں کو ایک اوردھکا دینے کی ضرورت ہے۔

لانڈھی میں جماعت اسلامی کی ملک گیر ممبر سازی مہم میں ضلع کورنگی کے دورہ پر کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ ملک میں اس وقت جاگیردار وں،سرمایہ داروں،ڈکٹیٹروں کے آلہ کار اور عدلیہ پر مشتمل حکمران ٹولہ ہم پر مسلط ہے۔ان تمام طبقات سے وابستہ لوگوں کی بڑی بڑی جائیدادیں ہیں جن پر ٹیکسز نہیں لگائے جاتے۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ ملک میں مسلط حکمرانوں نے آئی پی پیز سے ظالمانہ معاہدے کر کے عوام کو اذیت میں مبتلا کردیا ہے۔جماعت اسلامی اس وقت پاکستان کی غریب عوام کی سب سے بڑی توانا آواز ہے۔پاکستان کی یوتھ جماعت اسلامی کا حصہ ہے،جماعت اسلامی کے تحت حق دو عوام تحریک جاری ہے اس سلسلے میں ممبر ساز ی مہم چلائی جارہی ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ  پورے پاکستان میں 50لاکھ ممبر شب کی جائے گی، عوام جماعت اسلامی کی ممبر سازی مہم کا حصہ بنیں اور جماعت اسلامی کا دست و بازو بنیں۔کارکنان پورے اعتماد کے ساتھ عوام میں جائیں اور ممبر سازی مہم چلائیں۔ہمیں اس ظالمانہ نظام اورکرپٹ ٹولے کے خلاف لڑنا ہوگا اور ایک مضبوط آواز بننا ہوگا۔

حافظ نعیم الرحمن کا مزید کہنا تھا کہ جماعت اسلامی نے راولپنڈی میں 15 دن کا دھرنا دیا جس میں بچے، بوڑھے،جوان اور مرد وخواتین نے ہزاروں کی تعداد میں شرکت کی۔ہم نے دھرنا ختم نہیں مؤخر کیا ہے اورحکومت کا مسلسل تعاقب کررہے ہیں، اگرمعاہدے پر عمل درآمد نہ ہوا تو ہمیں اسلام آباد جانے سے کوئی نہیں روک سکے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ  بنگلہ دیش میں جماعت اسلامی نے بھارتی آلہ کار حسینہ واجد کے خلاف زبردست مہم چلائی اور ملک چھوڑ کربھاگنے پر مجبور کیا۔بدقسمتی سے ہمارے ملک پر امریکہ آلہ کار مسلط ہیں جو آئی پی پیز کے نام پر ٹیکسز وصول کر کے عوام کا خون نچوڑرہے ہیں۔حکمران پاکستان میں بنگلہ دیش جیسی صورتحال بننے پر مجبور نہ کریں اور عوام کو ریلیف فراہم کریں۔