میرپورخاص: کمشنر نے پولیو مہم کا افتتاح کر دیا

157

میرپورخاص (نمائندہ جسارت) کمشنر فیصل احمد عقیلی نے بنیادی صحت مرکز کھان میں ربن کاٹ کر اور پولیو کے قطرے پلا کر پولیو مہم کا افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر تعلقہ حسین بخش مری زینب حفیظ، ڈبلیو ایچ او کے ایریا کوآرڈینیٹر تہور حسین، یونیسف کے ڈاکٹر منیر ابڑو، سید نظیر نقوی، یو سی چیئرمین شاہ مردان مری، بی ایچ یو کے انچارج ڈاکٹر معظم اور متعلقہ افسران موجود تھے۔ کمشنر فیصل احمد عقیلی نے کہا کہ پولیو مہم کامیاب بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ اور تمام متعلقہ ادارے متحد ہیں، پولیو مہم کی کامیابی کے لیے بہتر حکمت عملی اپنائی جائے۔ اس موقع پر بی ایچ یو کھان کے انچارج ڈاکٹر معظم نے درپیش مسائل بتاتے ہوئے کہا کہ بی این آر کالونی اور سوشل سیکورٹی سے بارش کے پانی کی نکاسی کروائی جائے تا کہ پولیو ٹیمیں آسانی سے پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا سکیں جس پر کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنر حسین بخش مری کو ہدایت کی کہ متعلقہ مقامات سے ہیوی مشینیں لگا کر پانی کی نکاسی کو ممکن بنایا جائے۔