میرپورخاص (نمائندہ جسارت) ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر رشید مسعود خان نے کہا ہے کہ کھیلوں کی سرگرمیوں سے نوجوانوں کے اندر کھیلوں کا شوق بڑھتا ہے اور وہ کھیلوں کی طرف راغب ہوتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہید بینظیر بھٹو اسپورٹس کمپلیکس (گاما اسٹیڈیم) اسپورٹس کلب میں محکمہ کھیل واُمور نوجوانان حکومت سندھ کی جانب سے 6 ستمبر یوم دفاع کی مناسبت سے منعقد ہونے والے مختلف کھیلوں کے مقابلوں میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج کی نوجوان نسل کو کھیلوں کی طرف راغب کرنے کے لیے ضروری ہے کہ مختلف کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد کیا جائے اور کہا کہ محکمہ کھیل و اُمور نوجوانان حکومت سندھ کھیلوں کی سرگرمیوں کے لیے عملی طور پر اقدامات کر رہی ہیں جس کی مثال 6 ستمبر یومِ دفاع کی مناسبت سے مختلف کھیلوں کے مقابلے ہونا ہے۔ اس موقع پر ٹاؤن میر شیر محمد ٹالپر کے ٹاؤن چیئرمین ولی محمد ناریجو نے کہا کہ محکمہ کھیل کھیلوں کا انعقاد کروا رہی ہے تاکہ نوجوانوں کے اندر کھیلوں کی صلاحیتیں اُجاگر ہو سکیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ٹاؤن میر شیر محمد ٹالپر وائس چیئرمین نیاز محمد چاکی نے کہا کہ ہر ممکن کوشش ہے کہ اس میدان میں کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد کروایا جائے۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر واشدیو مالہی نے بتایا کہ محکمہ کھیل و اُمور نوجوانان حکومت سندھ کی جانب سے یوم دفاع 6 ستمبر کے تحت 4 مختلف کھیلوں کے مقابلے کروائے گئے جن میں فٹبال، بیڈ منٹن، باکسنگ باسکٹ اور باسٹک بال کے کھیل شامل تھے جس کے بعد بیڈمینٹن کی اوپننگ کی جس کے بعد بیڈمنٹن ٹورنامنٹ کرایا جائے گا۔ اس موقع پر ڈی ایس او پرویز مری، ڈی ایس او عاطف، سینئر اسپورٹس آرگنائزر ناصر علی بلوچ، اولمپک کے صدر عبدالسلیم خان، امجد سومرو، قاسم سیال، عاقب راجپوت اور شائقین کھیل بڑی تعداد میں موجود تھے۔