کنری: پانی کا بحران سراٹھانے لگا،3 روز کی سپلائی رہ گئی

132

کنری (نمائندہ جسارت) پینے کے پانی کا بحران سر اُٹھانے لگا، تالابوں میں صرف 3 روز کی سپلائی کا پانی رہ گیا۔ تفصیلات کے مطابق بارشوں کے پیش نظر محکمہ آبپاشی کی جانب سے نبی سر نہر میں پانی کی بندش کے باعث تحصیل کے چھوٹے بڑے شہروں اور سیکڑوں قصبات میں پینے کے پانی کا بحران سر اُٹھانے لگا ہے، نہری پانی کی بندش کی وجہ سے واٹر سپلائی میں صرف 3 سے 4 روز کا پانی باقی رہ گیا ہے، جبکہ محکمہ آبپاشی کی جانب سے نہر میں پانی چھوڑنے کا تاحال دور دور تک اتا پتہ نہیں، زمینداروں کی جانب سے ان کی زمینوں میں کھڑا آلودہ پانی نبی سر واہ اور اس سے ملحقہ شاخوں میں ڈالا جا رہا ہے جو استعمال کے قابل نہیں، جبکہ نہر اور شاخوں میں آلودہ پانی ڈالنے اور اس کے استعمال سے ڈائریا، جلدی امراض سمیت مختلف امراض پھیلنے کے خدشات بڑھ گئے ہیں، شہر کی واٹر سپلائی سے پہلے حسب معمول 2 گھنٹے کی سپلائی دی جاتی تھی، پانی ختم ہو جانے کی وجہ سے اب صرف ایک گھنٹے کی سپلائی دی جا رہی ہے جس کی وجہ سے پانی دور کی کالونیوں اور بستیوں تک نہیں پہنچ رہا، شہریوں کی جانب سے پانی نہ پہنچنے کی شکایات آئے روز بڑھتی جا رہی ہیں، 3 روز کی سپلائی کے بعد شہر میں پانی کی قلت کا بحران شدت اختیار کر سکتا ہے۔ سیاسی و سماجی حلقوں نے حلقے کے ایم این اے، ایم پی اے اور چیئرمین کنری سٹی سے استدعا کی ہے کہ آئندہ چند روز میں تحصیل میں آنے والے پانی کے بحران پر قابو پانے کے لیے نبی سر نہر میں آلودہ پانی ڈالنے کے عمل کو رکوا کر فوری صاف پانی چھوڑنے کے اقدامات کیے جائیں۔