ہمارے سوا کوئی عوام کے حقوق کی بات نہیں کررہا ،جماعت اسلامی

233

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے مرکزی صدر کسان بورڈ سردار ظفر حسین، ڈاکٹر عبدالجبار خان، میاں رشید منہالہ، چوہدری منظور حسین، محمد فاروق چوہان و دیگر رہنماؤں کے ساتھ صوبائی دفتر منصورہ میں کسان بورڈ پنجاب کی جنرل کونسل کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر حکومت نے جماعت اسلامی کے ساتھ کیے ہوئے معاہدے پر عملدرآمد نہ کیا تو جماعت اسلامی اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ، ملک گیر پہیہ جام ہڑتال اور ملین مارچ کی کال دے سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں سمیت ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والا شخص امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی حق دو تحریک کا حصہ بن رہا ہے، ہماری تحریک کا کوئی ذاتی ایجنڈا نہیں بلکہ پاکستان کے 25 کروڑ عوام کے حقوق کی تحریک ہے اور اس وقت تک جاری رہے گی، جب تک حکمران عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف فراہم نہیں کرتے، حق دو تحریک کے دوسرے مرحلے میں ممبر سازی مہم میں 50 لاکھ افراد کو جماعت اسلامی کا ممبر بنائیں گے، قوم ہمارا ساتھ دے تو ملک میں حقیقی تبدیلی لائیں گے، رابطہ عوام مہم میں نوجوانوں کو سب سے زیادہ ہدف بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں بڑی تبدیلی کی ضرورت ہے اور وہ تبدیلی صرف جماعت لاسکتی ہے، اس کے لیے کہ ہمارے پاس منظم تنظیم اور مخلص ٹیم موجود ہے جس کا دامن ہر قسم کی کرپشن سے پاک ہے، ملک میں فارم 47 کے ذریعے بدترین حکومت اور گورننس کو قائم کیا گیا ہے، ان ظالموں سے خیر کی توقع نہیں، عوام کو ان سے اپنا حق چھینا پڑے گا، اب قوم ان کی ڈنگ ٹپائو پالیسیوں پر اعتبار کرنے کو تیار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت جماعت اسلامی کے علاوہ کوئی سیاسی پارٹی عوام کے حقوق کے لیے بات نہیں کررہی، عوام بنیادی حقوق کے لیے ترس رہے ہیں، ہم ذاتی فائدے کے لیے نہیں بلکہ حق کے غلبے کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔ سردار ظفر حسین خان نے کہا کہ گندم کے بعد اب کسانوں کے لیے دھان کی فصل بھی عذاب بن گئی ہے، رائس ملز مالکان حکومت کے ساتھ ساز باز ہو کر کسانوں کو بے دردی سے دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں، ہم ظلم کے اس نظام کے خلاف امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، پورے پنجاب کے کاشتکار حکومتی پالیسیوں سے بدظن ہو چکے ہیں، کسان جماعت اسلامی کو نجات دہندہ سمجھتے ہیں، ان شا ء اللہ کاشتکاروں کو کبھی مایوس نہیں کریں گے۔ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر پنجاب کے ہر دیہات، ہر قصبے سے کسانوں کی بڑی تعداد کو ممبر بنائیں گے۔ سردار ظفر حسین نے مطالبہ کیا ہے کہ آڈیٹر جنرل پاکستان کے گندم اسکینڈل میں 300 ارب کی کرپشن اسکینڈل کے انکشاف پر حکومت کو اسکینڈل میں ملوث افراد کو گرفتار کر کے سخت کارروائی کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کسان بورڈ اس حوالے اپنے احتجاجی لائحہ عمل کا بھی جلد اعلان کرے گا۔