سکھر : پولیس میں بھرتی کیلیے اُمیدواروں سے ٹیسٹ لیا جا رہا ہے

255

سکھر (نمائندہ جسارت) آئی بی اے ٹیسٹنگ سروسز کی جانب سے سندھ پولیس میں بھرتیوں کے لیے 75 ہزار اُمیدواروں سے ٹیسٹ لیا جا رہا ہے، 75172 اُمیدواروں سے تحریری امتحان آج مکمل کیے جائیں گے۔ وائس چانسلر سکھر آئی بی اے یونیورسٹی اور سی ای او ایس ٹی ایس پروفیسر ڈاکٹر آصف احمد شیخ کے مطابق کراچی، حیدرآباد، نواب شاہ، سکھر اور لاڑکانہ میں امتحانی مرکز قائم کیے گئے ہیں، امتحانی مراکز میں گزشتہ روز ٹیسٹ کامیابی سے ہوا، امتحان صبح اور شام شفٹ میں لیا جا رہا ہے، کراچی میں اُمیدواروں کی تعداد 21062 ہے، حیدرآباد میں 19410 اُمیدوار، جبکہ شہید بینظیر آباد میں 10310 اُمیدوار امتحان دیں گے، سکھر میں 13679 اُمیدوار، لاڑکانہ میں 10711 اُمیدوار ٹیسٹ دے رہے ہیں۔ ایس ٹی ایس کا ٹیسٹ سندھ پولیس کے آفیشلز کی نگرانی میں جاری ہے، پروفیسر ڈاکٹر آصف احمد شیخ نے مختلف امتحانی مراکز کا دورہ کیا اور انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ میرٹ اور شفافیت ہماری پہچان ہے، میرٹ کو ہر ممکن یقینی بنایا جائے گا۔