الخدمت فاؤنڈیشن عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی، عرفان الحق

126

میرپور خاص (نمائندہ جسارت) الخدمت فاؤنڈیشن میرپورخاص کے ضلعی صدر عرفان الحق قریشی نے کہا ہے کہ حالیہ طوفانی برساتوں کے بعد شہر و گرد و نواح میں برساتی پانی کی عدم نکاسی کے سبب جہاں مچھر مکھی اور دیگر حشرات الارض کی افزائش میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے، وہیں مقامی آبادیوں کے افراد ملیریا، بخار، نزلہ، زکام، اسہال معدے اور جلدی امراض میں مبتلا ہو رہے ہیں لیکن الخدمت فاؤنڈیشن عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔ وہ میرپوخاص اور گردونواح میں مختلف مقامات پر الخدمت میڈیکل ہیلتھ یونٹ کے ذریعے مفت میڈیکل کیمپنگ میں علاج معالجے کے لیے آنے والے مریضوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر الخدمت فاؤنڈیشن کے جنرل سیکرٹری ندیم غوری ڈاکٹرز و دیگر کارکنان ان کے ہمراہ تھے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ برساتوں کے بعد سیلابی صورتحال اور نشیبی علاقوں میں برساتی پانی کھڑے ہو جانے کے بعد مختلف مقامات پر بڑی تعداد میں علاقہ مکین مختلف امراض کا شکار ہوئے ہیں جنہیں الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے مفت ٹیسٹ اور ادویات کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے جن میں جونیجو کوارٹرز شوگر ملز گوٹھ جمعہ شیدی اور دیگر علاقوں میں سیکڑوں افراد کے مفت میڈیکل ٹیسٹ کیے گئے اور انہیں ادویات فراہم کی گئی ہیں۔