لاڑکانہ: دعوت اسلامی کے زیر اہتمام عظیم الشان محفل میلاد

129

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) دعوت اسلامی کی مرکزی مجلس شوریٰ کے رکن اور پاکستان انتظامی کابینہ کے نگران حاجی محمد شاہد عطاری نے دعوت اسلامی کے زیر اہتمام منعقدہ عظیم الشان محفل میلاد مصطفی میں عشق رسول ؐسے بھرپور بیان کیا۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح ہمارا اللہ کی وحدانیت ایک ہونے پر ایمان ہے، اسی طرح خاتم النبین حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کے خاتم النبین آخری نبی ہونے پر عقیدہ و ایمان ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آمد ربیع الاول کی خوشی میں منعقدہ عظیم الشان اجتماع میں مقامی فرا گرانٹ ہال نو ڈیرو روڈ میں ہزاروں عاشقان رسول سے کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حضور پاک ؐ نور اعلی نور ہیں، اسی لیے اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خان فاضل بریلوی رحمت اللہ علیہ نے فرمایا کہ تیری نسل پاک میں ہے بچہ بچہ نور کا، تو ہے عین نور تیرا سب گھرانہ نورکا ۔ حاجی محمد شاہد عطاری نے کہا کہ حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کی ولادت مبارک کا مہینہ ہے، اس ماہِ مبارک میں خاص طور پر حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی حیات طیبہ، آپ صلی اللہ علیہ وآلہ واصحابہ وبارک وسلم کی زندگی کے مختلف پہلوؤں پر جس میں سیرت مبارکہ، مکی مدنی زندگی، عظمت شان والی زندگی، غریبوں، مساکین کی مدد، سادگی پسند زندگی، انسانیت کی فلاح و بہبود بھلائی والی زندگی سمیت مختلف موضوعات کا مطالعہ کریں۔