نواب شاہ (پ ر) کمشنر شہید بینظیرآباد ڈویژن سید محمد سجاد حیدر کی خصوصی ہدایت پر ثانوی و اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ شہید بینظیرآباد کی جانب سے بورڈ کے زیر انتظام اسکول و کالجز میں زیر تعلیم بچوں میں پولیو کے خاتمے کے لیے والدین، اساتذہ اور طلبہ کا کردار کے عنوان سے سندھی، اُردو اور انگریزی زبان میں مضمون نویسی کے مقابلے منعقد کرائے گئے۔ اس سلسلے میں مضمون نویسی کے مقابلوں میں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء و طالبات میں سرٹیفکیٹ اور کیشن انعامات تقسیم کرنے کی تقریب ڈی سی آفس کے دربار ہال میں منعقد ہوئی جس میں کمشنر شہید بینظیرآباد ڈویژن سید محمد سجاد حیدر نے مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر سید محمد سجاد حیدر نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کے متعلق مضمون نویسی کے مقابلے کرانے کا مقصد پولیو کے نقصانات اور پولیو سے بچاؤ کے قطروں کے فوائد کے مطابق والدین کو آگاہی فراہم کرنا ہے۔ کمشنر نے کہا کہ مضمون نویسی کے مقابلوں میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ہمارے ڈویژن کے طلباء و طالبات میں بہت ٹیلنٹ ہے، وہ تعلیم کے میدان میں آگے آنے کے لیے بہت محنت کر رہے ہیں۔ کمشنر نے پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء و طالبات کو مبارکباد دیتے ہوئے اُمید کی کہ وہ اپنی علاقوں میں پولیو سے بچاؤ کے قطروں کے فوائد سے متعلق عوام میں آگاہی فراہم کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔