پی آئی اے کے خریداروں کا بڑی حکومتی شرائط ماننے سے انکار

82

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پی آئی اے کی خریداری کے خواہشمندوں نے حکومت کی جانب سے عاید بڑی شرائط ماننے سے انکار کردیا۔بولی دہندگان پی آئی اے میں 500ملین ڈالر کی سرمایہ کاری، فلیٹ سائز میں اضافے اور مخصوص روٹس پر آپریشنز جاری رکھنے پر آمادہ نہیں ہیں۔ ذرائع کے مطابق ممکنہ خریداروں نے فروخت سے حاصل ہونے والی پوری رقم حکومت کو دینے کے بجائے دوبارہ ائرلائن میں سرمایہ کاری کے لیے رکھنے کی تجویز دی ہے جبکہ بڈرز ان ملازمین کے لیے نئے بھرتی لیٹرز جاری کرنے چاہتے ہیں، جن کو وہ نوکری پر رکھنے کا فیصلہ کریں گے جبکہ باقی ماندہ ملازمین کو ہولڈنگ کمپنی بھیجنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ذرائع کے مطابق اگر حکومت یہ مطالبات مان لیتی ہے، تو توازن پی آئی اے کے خریدار وں کے حق میں چلا جائے گا، حکومت کی جانب سے شارٹ لسٹ کیے گئے 6بڈرز نے مجوزہ شیئرہولڈرز ایگریمنٹ اور سیل پرچیز ایگریمنٹ پر بھی تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ کامیاب خریدار اور حکومت کے درمیان پرچیز ایگریمنٹ، سبسکرپشن ایگریمنٹ اور شیئرہولڈرز ایگریمنٹ پر دستخط کیے جائیں گے۔