شچیمپئنز ون ڈے کپ کا مقصد ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل کا فرق کم کرنا ہے، ندیم خان

122

لاہور (اسپورٹس ڈیسک)پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس/ ٹورنامنٹ ڈائریکٹر چیمپئنز ون ڈے کپ و سابق ٹیسٹ کرکٹر ندیم خان نے کہاہے کہ چیمپئنز ون ڈے کپ میں بہترین کرکٹرز حصہ لے رہے ہیں اور اس ٹورنامنٹ کا بنیادی مقصد یہی ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ اور ڈومیسٹک کرکٹ کے درمیان جو فرق ہے اسے کم کرنے میں یہ ٹورنامنٹ اپنا کردار ادا کرے ۔ ترجمان پی سی بی کے مطابق ندیم خان نے کہا کہ اس ٹورنامنٹ میں شریک ٹیموں کو ملک میں موجود پانچ اکیڈمیز سے منسلک کردیا گیا ہے، ان پانچوں ٹیموں کو بہترین کوچنگ اسٹاف مہیا کیا گیا ہے،پی سی بی نے ان ٹیموں کیلیے ہائی پروفائل مینٹورز بھی رکھے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ آئندہ سال پاکستان کی میزبانی میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی کے پیش نظر اس چیمپئنز کپ کی اہمیت بہت زیادہ ہے کیونکہ اس ٹورنامنٹ سے ہمیں چیمپئنز ٹرافی کیلیے اچھے کھلاڑی مل سکیں گے۔ندیم خان نے کہا کہ وائٹ بال ہیڈ کوچ گیری کرسٹن بھی چیمپئنز کپ کے دوران موجود ہونگے کیونکہ انہوں نے اس سے قبل پاکستان میں کام نہیں کیا لہذا انہیں خود اپنی نظروں کے سامنے کھلاڑیوں کو کھیلتا دیکھنے کا موقع ملے گا اور انہیں بینچ اسٹرینتھ اور مستقبل کے کھلاڑیوں کے بارے میں پتہ چل سکے گا۔